مذہبی خبریں

غزوہ بدر میں کامیابی اور فتح عظیم مکہ مکرمہ رمضان المبارک کے واقعات
’’ حمیدیہ ‘‘میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : رمضان مبارک کے بے حد و شمار اور پر انوار پہلو ہیں جن میں نمایاں کلام حق تعالیٰ قرآن مجید کا نزول ہے۔ اس ماہ مبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں شب قدر کا پوشیدہ ہونا جس میں حضرت جبرئیل اور ملائکہ کا اترنا اورجو بندے عبادت الٰہی، یاد حق ،ذکر و تسبیح میں مشغول ہوں انہیں سلام کرنا اور ان عابدوں اور ذاکروں کے حق میں بارگاہ الٰہیہ میں دعاے خیر اور استغفار کرنا بڑی اہمیت رکھتا ہے ، اس ماہ مبارک میں روزوں کی فرضیت، عشرہ اول میں رحمت حق کا نزول، عشرہ دوم میں عبادت گزار بندوں کی مغفرت اور عشرہ آخر میں آگ سے نجات کا مژدہ ، اس ماہ کی آخری رات میں امت محمدؐیہ کے خوش نصیبوں کی بخشش کا اعلان کہ جنھوں نے اس مہینہ کو عبادت و اطاعت میں گزار کر سعادت دارین کے حصول کا سامان کر لیا۔ اسی مقدس ماہ میں اللہ تعالیٰ نے امم سابقہ کی ہدایت کے لئے دیگر صحائف آسمانی نازل فرماے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 16 رمضان المبارک کو بعد نماز عصر’’ حمیدیہ‘‘ شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل( انڈیا) آئی ہرک کے ’’حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے اکیسویں سال کے سولہویں روز منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جو قراء ت کلام پاک سے شروع ہوا۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے کہا کہ خصائص و عبادات رمضان مبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف بھی ہیں۔ نماز تراویح سنت موکدہ اور جماعت سے تراویح کی ادائیگی مناسب اور موجب سعادت ہے۔ تراویح میں ایک بار قرآن مجید کا ختم کرنا سنت ہے دوبار ختم کرنے میں فضیلت اور تین بار ختم کرناافضل ہے۔ رمضان شریف کے آخری عشرہ کا اعتکاف سنت موکدہ ہے اس کا بڑا اجر و ثواب ہے۔ انھوں نے کہا کہ رمضان مبارک میں اعمال صالحہ اور نیکیوں کے اجر و ثواب کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے انفاق، خیرات، صدقات اور حاجت مندوں کی مالی اعانت کی سرگرمیاں نقطہ عروج پر ہوا کرتی ہے بالخصوص مسلمان فریضہ زکوٰۃ کی ادئیگی کے لئے بھی اسی ماہ مبارک کو ترجیح دیا کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کے حصول سے سرخرو ہو ا کرتے ہیں۔

 

کل ہند مجلس تعمیر ملت کی یوم تاسیس
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : کل ہند مجلس تعمیر ملت کا یوم تاسیس 15 جون 5 بجے شام صدر دفتر کل ہند مجلس تعمیر ملت زیر صدارت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت مقرر ہے ۔ ڈاکٹر محمد مشتاق علی ، جناب خواجہ آصف احمد نائب صدور تنظیم بھی مخاطب کریں گے ۔۔

جلسہ فتح مکہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : مقامی مجلس تعمیر ملت کی جانب سے چوتھا جلسہ بعنوان ’ فتح مکہ ‘ 16 جون بمقام مسجد راشدی مصری گنج قریب درگاہ شاہ راجو قتال بعد نماز عصر مقرر ہے ۔ مولانا محمد متین الدین قادری ، مولانا حسن محمد نقشبندی ، جناب عمر احمد شفیق مخاطب کریں گے ۔ قرات کلام پاک حافظ و قاری حسین محمد نقشبندی کی ہوگی ۔ نعت شریف حسان نقشبندی پیش کریں گے ۔۔
٭٭ درس گاہ جہاد و شہادت کی جانب سے 20 رمضان بعد نماز عصر چھوٹا بازار قلعہ گولکنڈہ میں جلسہ یوم فتح مکہ مقرر ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری عبدالرحمن کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ اس جلسہ کو جناب شیخ سیف اللہ خالد اور جناب محمد بن عمر مخاطب کرینگے ۔۔

سماعت قرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ کے زیر اہتمام 15 جون 9 بجے صبح حسب ذیل مقامات پر دو یومی سماعت قرآن برائے خواتین ڈاکٹر رضوانہ زرین کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ جس میں جامعتہ المومنات کے خاتون حفاظ کرام قرآن مجید کی تلاوت کریں گی ۔ مدرسہ مدینتہ البنات عیدی بازار میں حافظہ فریعہ نورین ، حافظہ رمصیاء افشین ، بمکان افسر خاں داروغہ گلی مغل پورہ ، حافظہ رقیہ کلثوم ، حافظہ بدر النساء ، بمکان معراج ریڈہلز کرمنل کورٹ میں حافظہ سیدہ انجم فردوس ، حافظہ مزمل قرآن مجید سنائیں گے ۔۔

جلسہ ہائے یوم القرآن برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : جامعتہ المومنات کے زیر اہتمام 15 جون بعد نماز تراویح جلسہ یوم القرآن و نماز تراویح و ختم القرآن برائے خواتین مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتیہ تہمینہ تحسین کا خطاب ہوگا ۔۔

 

جلسہ یوم شہادت سیدنا علیؓ و
محفل نعت و منقبت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام جلسہ یوم شہادت سیدنا علیؓ و محفل منقبت کا 16 جون جمعہ 4 ساعت شام مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں منعقد ہوگا۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ سید انوار علی سلمان کی قرات کلام پاک کے بعد محمد حسین ، سید سلمان کی نعت ہوگی ۔ نگران محفل کے خطاب کے بعد شعراء و نعت خواں حضرات منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔۔

رسم اجراء ہمارے غوث پاکؓ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کی مرتب کردہ کتاب ہمارے غوث پاک ؓ زیور طباعت سے آراستہ ہوچکی ہے جس میں مختلف شعراء کرام کے 103مناقب اور 5 سلام شامل ہیں ۔ جس کا رسم اجراء جناب حبیب عمر فاروق العطاس کے ہاتھوں 16 جون 5-30 بجے عمل میں آئے گا ۔ رسم اجراء کے موقع پر رعایتی شرح پر کتاب دستیاب رہے گی ۔۔

تذکرہ حضرت حیدر کرارؓ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام تذکرہ حضرت حیدر کرار حضرت سیدنا علیؓ 16 جون بعد تراویح مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج زیر نگرانی مولانا ابورجاء سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی مقرر ہے ۔۔

 

جامعہ نظامیہ حیدرآباد ملت اسلامیہ کا متاع عزیز
زکوٰۃ و عطیات کے ذریعہ اعانت کی اپیل ‘ مولانا سیدقبول پاشاہ شطاری کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مولانا سید محمدقبول پاشاہ شطاری معتمدصدر مجلس علماء دکن و رکن معزز مجلس انتظامی جامعہ نظامیہ نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ جامعہ نظامیہ ملک کی 146 سالہ قدیم اسلامی یونیورسٹی ہے جہاں تفسیر‘ حدیث ‘ فقہ ‘ عقائد و کلام ‘ عربی ادب ‘ سیرت اور اسلامی تاریخ کی اعلی تعلیم کا انتظام ہے ۔ علاوہ ازیں دور جدید سے طلباء کو ہم آہنگ کرنے کیلئے کمپیوٹر ٹائپنگ سکھائی جاتی ہے ۔ جید علماء فضلاء اور صلحاء کا تاریخ ساز اور مسلسل 145 سال سے علم دین کی اشاعت اور دین مبین کی حفاظت میں مصروف ہے ۔ یہاں کے علماء ہر پر فتن دور میں ملت کی رہبری میں مصروف رہے ہیں ۔ سادگی قناعت اور جہد مسلسل علمائے جامعہ نظامیہ کا طرہ امتیاز رہا ہے ۔ الغرض علماء اعلام کی نگرانی میں یہاں کے طلباء کی ترتیب ہوتی ہے ۔ اور پھر یہ طلباء فارغ ہو کر ملت دین کی خدمت میں مصروف ہوتے ہیں ۔ بلا فیس قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ ہر سال طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ۔ لباس و بستر و کتب ‘ ادویات وغیرہ بھی جامعہ فراہم کرتا ہے ۔ اس وقت جامعہ نظامیہ کے اضلاع اور بیرونی ریاستوں میں 281شاخیں اور ملحقہ مدارس کام کر رہے ہیں جن سے لاکھوں تشنگان علم سیراب ہو رہے ہیں اور امت کی رہبری کے یہ مراکز ہیں ۔ صرف جامعہ کے سالانہ اخراجات تین کروڑ روپئے سے زائد ہے جامعہ نظامیہ سے ملحقہ مدارس کو سالانہ امداد بھی دی جاتی ہے ۔ کلیۃ البنات میں مستند معلمات تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ کلیۃ البنات میں الدکتورہ (پی ایچ ڈی ) تک تعلیم کا انتظام ہے ۔ لڑکیوں کی آمد و رفت کے لئے منی بسوں کا انتظام ہونا ہے عامۃ المسلمین کا ملی فریضہ یہ ہیکہ وہ جامعہ نظامیہ کے ا س اقدام میں حصہ لیتے ہوئے مالیہ کی فراہمی میں تعاون کریں ۔ اہل خیر حضرات رمضان المبارک کے مسعود موقع پر زکوٰۃ و عطیات اور صدقہ فطرہ سے تعاون کریں ۔ صدر مرکز جامعہ شبلی گنج ‘ اور زیر تعمیر کمرشیل کامپلکس روبرو ایس بی ایچ گن فاونڈری حیدرآباد میں زکوٰۃ اور عطیات جمع کرسکتے ہیں ہر جمعہ مکہ مسجد میں اور عید الفطر کے دن عیدگاہ میر عالم میں وصولی زکوٰۃ کے مراکز قائم کئے جاتے ہیں ۔ فون نمبرات24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آکرجامعہ کی رسید پر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔

 

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام 15 جون بعد نماز عصر تا مغرب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا اس اجتماع کا آغاز مبلغین کی تلاوت قرآن پاک و نعت رسول ﷺ سے ہوگا ۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا خطاب ہوگا بعد ازاں ذکر جہری دعا ہوگی ۔۔

سالانہ محفل حضرت امیر المومنین خلیفہ چہارم سیدنا علی ؓ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل ( انڈیا ) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء کے زیر اہتمام 19 رمضان حمیدیہ واقع شرفی چمن ، سبزی منڈی قدیم میں بعد نماز عصر سالانہ محفل خلیفہ چہارم امیر المومنین حضرت سیدنا علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہ زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی منعقد ہوگی ۔ تلاوت کلام پاک ، قصیدہ بردہ شریف ، محفل نعت و منقبت اور مجلس ذکر و فکر کے بعد نگران محفل کا خصوصی خطاب ہوگا ۔ افطار ، نماز مغرب ، تناول تبرک ، بعد ازاں محفل مبارک تاج العرفاء و اہلیہ محترمہ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کے مزارات پر چادر ہائے گل پیش کئے جائیں گے ۔۔

سالانہ جلسہ قرات و تقسیم انعامات
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( راست ) : اقراء قرات سوسائٹی کا سالانہ جلسہ قرات کلام پاک و تقسیم سیدنا عثمان غنیؓ و سیدنا بلال ؓ ایوارڈس 18 مئی اتوار 3 بجے دن سوسائٹی کے مرکزی آفس مسجد فردوس کوچہ مرزا عباس شاہ علی بنڈہ میں مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ مہمان ہوں گے ۔ گذشتہ ماہ مکہ مسجد میں منعقدہ قرات کلام پاک و اذان کے کامیاب امیدواروں میں سیدنا عثمان ؓ و سیدنا بلال ؓ ایوارڈس کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی ۔ نامور قراء کرام فن قرات کا مظاہرہ کریں گے ۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد عبید اللہ سعد کی تلاوت و قاری ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری کی نعت رسول ؐ سے ہوگا ۔۔