مذہبی خبریں

نماز تراویح میں دارالعلوم ابراہیمیہ کے حفاظ کی خدمات
حیدرآباد ۔ /31 مئی (راست) حافظ محمد رضی الدین خاکی سیوانگری نائب صدر انتظامی کمیٹی کے بموجب مسجد بلالؓ اسبسطاس ہلز کالونی میں حافظ عبدالرحمن عامر ابراہیمی مسجد محمدیہ آلوین کوکٹ پلی میں حافظ محمد یونس ابراہیمی مسجد نمرہ شاہین نگر میں حافظ محمد اکبر خاں ابراہیمی مسجد ، اقصیٰ مخدوم نگر میں حافظ احمد مزمل ابراہیمی حسامی جامع مسجد جو کی بہار میں حافظ محمد شہزاد ابراہیمی ،مصلی عاقل احاطہ جامعہ اسلامیہ تعلیم الاسلام سورارم میں حافظ محمد اسلم ابراہیمی حافظ محمد عامر ابراہیمی ، مسجد رحیم النساء گنڈی میسماں میں حافظ محمد عامر ابراہیمی مدینہ مسجد پٹن چیرو میں حافظ امیرالحق ابراہیمی مسجد ماسائی پیٹم یں حافظ محمد حامد علی ابراہیمی جامع مسجد توپران میں حافظ محمد عاصم ابراہیمی مدینہ مسجد بس اسٹانڈ دولت آباد میں حافظ محمد محبوب ابراہیمی جامع مسجد اچم پیٹ میں حافظ عبدالہادی ابراہیمی مسجد گاندھی نگر میدک میں حافظ محمد نذیر الدین ابراہیمی مدنی مسجد اچم پیٹ میں حافظ محمد عقیل ابراہیمی قاسمی مدرسہ فیض المدارس حفیظ پیٹ میںحافظ محمد ظفر احمد ابراہیمی جامع مسجد سولک پلی میں حافظ محمد شفیق الرحمن ابراہیمی مسجد سورارم کرشنا نگر میں حافظ عبدالصمد ابراہیمی مسجد حسینی احاطہ دارالعلوم ابراہیمیہ میں زیرنگرانی حافظ محمد سراج الدین رحمانی حافظ محمد تہذیب ابراہیمی ، حافظ محمد خالد ابراہیمی چھتہ بازار بمکان نصیرالدین حافظ محمد اظہر الدین ابراہیمی دبیر پورہ بمکان اسلم بھائی حافظ عبدالرحیم ابراہیمی نماز تراویح میں چاند رات سے روزانہ دیڑھ پارہ کلام مجید تلاوت کررہے ہیں ۔ جبکہ مسجد حسینی گری نگر میں حافظ سید محسن ابراہیمی مسجد محمدیہ روبرو بمکان نصیر بھائی حافظ محمد مظہر الدین ابراہیمی مسجد معراج جیڈی مٹلہ میں مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ میں نماز تراویح میں روزانہ تین پارے کلام مجید سنارہے ہیں ۔

’’یادگیری‘‘ انجمن پروگرام میں ڈاکٹر فریدالدین صادق اور سردار سلیم کا کلام
حیدرآباد ۔ /31 مئی (راست) قاری فیض صدیقی کے بموجب ٹی وی دوردرشن یادگیری کے /2 جون کے ’’انجمن‘‘ پروگرام میں جمعہ کو صبح 9.30 بجے تا 10 بجے تک اور شام 10.30 سے 11 بجے تک فضائل ماہ رمضان پر تقاریر کے علاوہ مسرز سردار سلیم اور حکیم و ڈاکٹر خواجہ فریدالدین صادق اپنا کلام پیش کریں گے ۔ مولانا محمد مجاہد علی نقشبندی کا بیان ہوگا ۔ جناب مولانا احتشام الدین قرأت کلام پاک پیش کریں گے اور جناب سید شاہ ذل نظامت کے فرائض انجام دیں گے ۔

جلسہ فضائل قرآن و فضائل رمضان
حیدرآباد ۔ /31 مئی (راست) حافظ محمد احمد کے بموجب مسجد اشاعت العلوم این ٹی آر نگر ایل بی نگر میں حافظ احمد عبیداللہ یاسر روزانہ 5 پارے قرآن مجید تراویح میں سنارہے تھے ۔ بروز جمعرات /5 رمضان کو قرآن مجید کی تکمیل ہوگی ۔ اس موقعہ پر جلسہ فضائل قرآن و فضائل رمضان مقرر ہے ۔ مہمان خصوصی مفتی مقبول احمد مفتاحی ، خطیب مسجد مصطفی این ٹی آر نگر و ناظم مدرسہ قاسمیہ ہوں گے ۔

پنچ شبی شبینہ
حیدرآباد ۔ /31 مئی (راست) مسجد چھلہ ناصر جنگ شہید نزد پل مسلم جنگ روبرو ایچ پی گیاس ایجنسی میں پنچ شبی شبینہ میں حافظ محمد عبدالرحیم فاروقی /4 رمضان تا 9 رمضان المبارک تک نماز تراویح میں روزانہ 6 پارے سنائیں گے ۔ نماز عشاء 8.30 بجے ہوگی ۔ سواریوں کی حفاظت کا انتظام ہے ۔

 

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : حضرت سیدی ہلال پاشاہؒ فلک نما جنگم میٹ کے عرس کی تقاریب کا 4 جون کو صندل سے آغاز ہوگا ۔ 4 بجے شام صندل مالی کی رسم سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔ 5 جون کو بعد نماز تراویح محفل سماع ہوگی ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بروز جمعرات بعد نماز ظہر مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور ’جماعت ابوالفداء ‘ کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبت کی مجلس رہے گی ۔۔

حلقہ ذکر الہٰی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : حلقہ ذکر الٰہی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری آستانہ مینائی پھول باغ ، جہاں نما بروز جمعرات بعد نماز تراویح مقرر ہے ۔۔

جلسہ فضائل رمضان المبارک و
جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم‘‘ سے معنون اکیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء ؓ یادگار خطابات کے سلسلہ میں 5 رمضان المبارک بعد نماز عصر حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک سعادت خطاب حاصل کریں گے۔۔

یکشبی شبینہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد درگاہ شریف حضرت پیر سید محمد بخاری شاہ نقشبندیؒ میں 5 رمضان کو یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ حافظ غلام احمد قریشی نماز تراویح پڑھائیں گے ۔ نماز عشاء 9-30 بجے ہوگی ۔۔
٭٭ مسجد درگاہ شریف حضرت سید شاہ رفیع الدین قادریؒ ، گارکی فیکٹری شیخ پیٹ میں 6 رمضان کو یکشبی شبینہ مقرر ہے ۔ حافظ غلام احمد قریشی نماز ترایح پڑھائیں گے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔۔

جلسہ فضائل روزہ اور فضائل تراویح
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : اسوسی ایشن آف اردو ڈیولپمنٹ کی جانب سے یکم جون کو 11 بجے دن پارس محل امجد باغ مصری گنج میں جلسہ فضائل روزہ اور فضائل تراویح منعقد ہوگا ۔۔

روزہ فرض عبادت، مظہر ایمان ،نشان اطاعت الٰہی اور علامت محبت و اتباع رسول اللہ ؐ
’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن میں ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : اللہ تعالیٰ نے تمام مخلوقات میں انسانوں کو شرف و فضل عطا کرکے انہیں تمام موجودات میں امتیاز بخشا اور تمام انسانوں میں اہل ایمان کو اپنے فضل و کرم سے دارین کی سعادتوں سے مالامال فرمایا اور انھیں نماز پنجگانہ، زکوٰۃ، ماہ رمضان کے روزے اور بیت اللہ کے حج کی فرضیت کے ساتھ سب میں معزز اور ممتاز فرمایا۔ ایمان اللہ تعالیٰ کے انعامات میں سب سے بڑی نعمت ہے اس نعمت عظمیٰ کا شکر معبود حقیقی کی عبادتوں یعنی فرائض دین کی ادائیگی سے ہوتا ہے۔ صلوٰۃ و زکوٰۃ و صوم و حج ایمان کے مظہر اور مومن کی پہچان و علامت ہیں۔ عبادت کا مقصد اللہ تعالیٰ کی یکتائی، کبریائی، قدرت و اختیار کا اقرار اور بندوں کا عاجز و بے بس ہونے کا اظہار ہے عبادت کے ذریعہ بندئہ مومن اپنی تخلیق کے مقصد کی تکمیل کا شرف پاتا ہے ۔ حق تعالیٰ کی عبادت بندوں پر اگر چیکہ فرض ہے اس کے باوصف اللہ تعالیٰ اپنے عبادت گزار بندوں کو مستحق اجر قرار دے کر اپنے کرم سے خوب نواز تا ہے جو دنیوی فوز و فلاح، راحت و آسودگی ، اطمنان و سکون قلب کی صورت میں اور آخرت میں مغفرت و نجات کی شکل میں ظاہر و نمایاں ہے۔ ہر عبادت کی اہمیت خصوصیت اور فضیلت مسلمہ ہے اور روزہ کی جزاء اس عبادت کی انفرادی نوعیت کی آئینہ دار ہے جیسا کہ فرمایا گیا کہ روزہ کی جزاء خود اللہ تعالیٰ عطا فرماتا ہے۔ بلاشبہ روزہ ایمان کا منور نشان، اطاعت حق تعالیٰ کا مظہر اور محبت و اتباع رسالتؐ کی علامت ہے۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے رمضان مبارک کے روح پرور اور نورانی ماحول میں 3؍ رمضان المبارک کوبعد نمازعصر حمیدیہ شرفی چمن میں روزہ دار مصلیوں کے نمائندہ اجتماع سے خطاب کی سعادت حاصل کرتے ہوے ان حقائق کا اظہار کیا۔ وہ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) کے’’ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات‘‘ کے اکیسویں سال کے تیسرے روز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر حمید الدین شرفی نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوے احادیث شریف کے حوالے سے بتایا کہ ایمان کی ستر پر کئی شاخیں ہیں ان میں سب سے اعلیٰ یہ کہنا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور ادنیٰ یہ کہ راستے سے کوئی تکلیف دہ چیز کا ہٹا دینا اور حیا بھی ایمان کی شاخ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ؐ کو سب سے زیادہ محبوب رکھنا، محض اللہ کے لئے لوگوں سے محبت کرنا اور کفر کو آگ میں ڈالے جانے سے زیادہ برا جاننے والا حلاوت ایمان پاتا ہے۔

 

جامعہ نظامیہ ‘ زکوٰۃ و عطیات کا اولین حقدار‘ مالیہ کے استحکام کے متعلق ضروری وضاحت
مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ کا بیان
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ نے ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ جامعہ ہذا عامۃ المسلمین کے لئے محتاج تعارف نہیں ہے ۔ یہ ادارہ 146 سال سے ملت اسلامیہ کی دینی رہبری اور علم کی اشاعت میں خاموشی کے ساتھ مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے ۔ جامعہ نظامیہ کی آمدنی میں ہر سال اضافہ اور اسی طرح خرچ بھی ہوتا ہے ۔ بلافیس قیام و طعام کی سہولت کے ساتھ ہر سال طلباء کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے ۔ لباس ‘ بستر ‘ کتب ‘ ادویات وغیرہ بھی جامعہ فراہم کرتا ہے ۔ اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ جامعہ میں کوئی محفوظ مالیہ نہیں ہے۔ صرف خوراک طلباء تنخواہ عملہ و ملازمین پر ماہانہ بیس لاکھ روپئے کا خرچ عائد ہوتا ہے ۔ جامعہ کے حساب کی آڈٹ محی الدین اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاونٹس کے ذریعہ کروائی جاتی ہے ۔ اللہ کے فضل و کرم سے جامعہ نظامیہ کو عنایت کردہ رقومات کی محکمہ انکم ٹیکس سے 80-G کے تحت انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے ۔ نیز حکومت ہند نے بیرون ممالک سے تحت (F.C.R.) عطیات کی وصولی کی اجازت دی ہے ۔ بیرون ممالک اہل خیر حضرات کو توجہ دلانے کی خواہش کی جاتی ہے ۔ جامعہ نظامیہ عامۃ المسلمین کا ادارہ ہے اس کے انتظامات ایک مجلس انتظامی کے تحت ہیں ۔ جن میں علماء کرام مشائخین عظام ‘ ڈاکٹر س دانشوران قوم اور ماہرین تعلیم ہوتے ہیں علماء و ماہرین تعلیم تعلیمی بورڈ میں شامل ہوتے ہیں ۔ اس طرح جامعہ نظامیہ میں 146 سال سے بانی جامعہ کے منشاء ومسلک کے مطابق علوم اسلامیہ کی بقاء اور ارتقاء میں مصروف ہے ۔ جدید دور کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے طلباء کے لئے کمپیوٹر ٹریننگ کا آغاز کیا گیا۔ نیز لڑکیوں کی اعلی تعلیم و تربیت کیلئے کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ (لڑکیوں کاکالج) کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ اہل خیر حضرات اور تاجرین سے اپیل ہے کہ وہ اس ادارہ کا معائنہ کریں اور ارباب جامعہ سے تفصیلات معلوم کریں کیونکہ احادیث میں تاکید ہے کہ مستحق زکوۃ کو ہی زکوٰۃ دی جائے ۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہیکہ علم دین کے جو ادارے واقعی ملت و دین کی خدمت کر رہے ہیں ان تک زکوٰۃ و عطیات پہنچائے جائیں ۔ جامعہ نظامیہ ایک ایسا ادارہ ہے جو توکل اور اخلاص کی بنیاد پر علوم اسلامیہ کی اشاعت و ترویج میں مصروف ہے ۔ اہل خیر حضرات بالخصوص اصحاب خیر سے مخلصانہ اپیل کی جاتی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے مسعود موقع پر اپنے زکوٰۃ اور عطیات جامعہ نظامیہ شبلی گنج حیدرآباد اور گن فاؤنڈری روبرو اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد زیر تعمیر کامپلکس صبح سات بجے تا شام چھ بجے تک وصولی زکوٰۃ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ہر جمعہ مکہ مسجدمیں وصولی زکوٰۃ کے کاونٹر قائم کئے جاتے ہیں نیز جامعہ نظامیہ کے فون نمبرات :24416847, 24576772, 24503267 پر مطلع کریں تو کارکن آ کر وصولی کا کام انجام دیں گے ۔ چیکس اور ڈرافٹس پر صرف ’’ جامعہ نظامیہ‘‘ تحریر فرما کر کراس کر دیں ۔ جامعہ کو آپ کی اعانت دراصل اپنی مدد خود آپ کرنا ہے ۔طالب علم دین پر خرچ کرنا بموجب ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسی نیکی ہے جو بعد حیات بھی جاری رہتی ہے ۔

 

جلسہ عظمت قرآن
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : حافظ عبدالحفیظ امام و خطیب کے بموجب 5 رمضان بعد نماز تراویح اختتام شبینہ کے موقع پر مسجد شاکر قبا شموگوڑہ ایلمابنڈہ کوکٹ پلی میں جلسہ عظمت قرآن مقرر ہے ۔ مہمان مقرر مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی کا خصوصی خطاب و دعا ہوگی ۔۔

جلسہ جشن نزول قرآن
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : مسجد عثمانیہ کواڑی گوڑا ، مشیر آباد میں 5 رمضان کو بعد نماز تراویح جلسہ جشن نزول قرآن مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری مخاطب کریں گے ۔ نگرانی الحاج محمد جہانگیر کریں گے ۔۔