مذہبی خبریں

عازمین حج و عمرہ اللہ تعالیٰ کے مہمان
دفتر سیاست میں حج و عمرہ تربیتی کلاسیس، مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کا خطاب
حیدرآباد۔/30اپریل، ( راست ) دنیاوی اسفار کا کچھ نہ کچھ غرض و مقصد ہوتا ہے اور دینی اسفار میں سب سے مبارک ومقدس سفر حج و عمرہ کا سفر ہے۔ بلکہ ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حجاج و عمار کو اللہ کا مہمان قرار دیا ہے۔اور ایسا مہمان جس کی ہر دعا مقبول اور ہرقدم پر ایک نیکی ملتی ہے اور خواتین کے سفر حج کو جہاد کے برابر فرمایا ہے۔ اس سفر میں کوشش یہ ہو کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں وہ اعمال ادا کریں جس کا نمونہ ہمیں قرآن و حدیث میں ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی جنرل سکریٹری لبیک سوسائٹی نے روز نامہ سیاست کے اشتراک سے گولڈ ن جوبلی ہال احاطہ روز نامہ سیاست عابڈس میں منعقدہ ہفتہ واری حج و عمرہ تربیتی کلاسیس میں کیا اور اپنے سلسلہ خطاب میں کہا کہ ان مہمانوں کو چاہیئے کہ وہ اس سفر کی پوری پوری تیاری کرکے جائیں اس کے فرائض و واجبات مناسک و اعمال کوسیکھ کر جائیں۔دعائیں یاد کرلیں، اور کوشش کریں کہ ہمارا حج و عمرہ قبول ہوجائے۔ نیز عمرہ کا سفر قدم بہ قدم سمجھایا۔ مدینہ منورہ کے معمولات بیان کئے۔ عازمین کے سوالات کے جوابات دیئے ۔ قبل ازیں جناب محمد نواب نے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ یہ ایک دعوتی و تعلیمی تحریک ہے اور جس کا مقصود عازمین کی دینی تربیت ہے۔ مولانا کی دعاء پر تربیتی کلاس اختتام پذیر ہوئی۔ واضح رہے کہ دس روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس کی کلاس ہر دن صبح 9تا10بجے دن انسٹی ٹیوٹ آف عربک متصل ہوٹل سٹی ڈائمنڈ ، مہدی پٹنم میں جاری ہیں اور ہر ہفتہ ہفتہ واری کلاس ہورہی ہے۔
مسلمانوں کیلئے تحفظات کا مطالبہ دستور ہند کے عین مطابق
پروفیسر انور خان اور ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد کا خطاب
حیدرآباد۔/30اپریل، ( راست ) ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی منظر نامہ کو بدلنے میں موجودہ تبدیلی کی ابتداء آج سے 70 سال پہلے ہوئی تھی۔ سنگھ پریوار اور آر ایس ایس کی ذیلی تنظیمیں ہر شعبہ حیات میں داخل ہوکر اپنا بہترین نٹ ورک چلارہی تھیں اور ان کا نشانہ دراصل اقتدار کا حصول تھا۔ برطانیہ کے بلو پرنٹ نظام کی بدولت 40فیصد متحدہ ووٹوں کے مقابل 60فیصد منتشر ووٹوں کو شکست کھانی پڑی اور بی جے پی کو امیدواروں سے زیادہ کامیابی حاصل ہوئی ان اقلیتی گروہوں میں مسلمان بھی شامل ہیں جن پر اب ایک خوف سا طاری ہے۔ شرپسندوں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ اب حکومت کا کام ہیکہ ان لاحق اندیشوں سے عوام کو نکالے۔ پروفیسر انور خان صدر آئیٹا نے ملک کا مستقبل اندیشے اور امکانات پر مکہ مسجد لائبریری ہال میں جاری رفیق ملت سید غوث خاموشی ایجوکیشنل ٹرسٹ تعارف اسلام کلاسیس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ محمد سلمان کی قرأت کلام پاک سے آغاز ہوا، اور جناب جلال عارف نے کارروائی چلائی۔ دوسرے لکچر میں ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد نے مسلمانوں کے لئے تحفظات کی فراہمی کو ان کا جائز دستوری حق قرار دیا ہے۔ دستور سازی کے وقت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ شری راج گوپال چاری اور دیگر ارکان کے اعتراض کے باوجود اقلیت کے بجائے طبقہ کا لفظ شامل کیا گیا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں کو تحفظات سے محروم کرنے کیلئے ایک مسلم رکن بیگم اعجاز رسول کو استعمال کیا گیا۔ آج بھی سازشی ذہن اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے یہی طریقہ کار استعمال کررہے ہیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے حالیہ دنوں میں ریاستی اسمبلی میں مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر 12 فیصد تحفظات کا بل پاس کروالیا۔ اس مطالبہ کو باضابطہ تحریک کی شکل دینے میں روز نامہ ’سیاست‘ کے ایڈیٹرس کا اہم رول ہے۔

دارالعلوم میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و درس ختم بخاری شریف
حیدرآباد۔/30 اپریل، ( راست ) مولانا محمد زین العابدین انصاری کے بموجب جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید و درس ختم بخاری 7مئی بروز اتوار احاطہ جامعہ عظیم الشان پیمانہ پر منعقد ہوگا۔ محدث جلیل حضرت مولانا مفتی اشرف علی باقوی امیر شریعت کرناٹک و شیخ الحدیث دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے۔ مولانا مصطفی رفاعی ندوی رکن شوریٰ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو و رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریںگے۔ اس کے علاوہ مقامی علماء کرام کے بصیرت افروز خطابات ہوں گے۔ اس موقع پر حفظ قرآن مجید کی تکمیل کرنے والے طلبہ اور مختلف شعبوں سے سند فراغت حاصل کرنے والے فضلاء کی دستار بندی ہوگی۔

جلسہ ختم بخاری شریف و تکمیل
حفظ ا لقرآن برائے خواتین
حیدرآباد۔/30اپریل، ( راست ) جامعتہ المومنات مغلپورہ میں جلسہ ختم بخاری شریف وتکمیل حفظ القرآن برائے خواتین یکم مئی بروز پیر 10 بجے دن ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین کی صدارت میں مقرر ہے۔ خیرمقدمی کلمات ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز مومناتی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مفتیہ حافظہ نازیہ عزیز انجام دیں گے۔ جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے محترمہ الحاجہ فریدہ بانو، محترمہ اختر بیگم محترمہ الحاجہ معینہ بیگم، محترمہ قمر النساء محترمہ نسیمہ بیگم، ڈاکٹر مفتیہ تہمینہ تحسین، ڈاکٹر سیدہ عاتکہ طیبہ، ڈاکٹر نسرین افتخار، ڈاکٹر سیدہ عشرت بیگم، ڈاکٹر حافظ سیدہ آمنہ بتول، ڈاکٹر نکہت، ڈاکٹر بدر النساء ، ڈاکٹر عطیہ خلیل، ڈاکٹر مفتیہ نازیہ خلیل، ڈاکٹر حافظہ بصیرت النساء شرکت کریں گے۔ بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس الحاج ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری ناظم اعلیٰ جامعتہ المومنات پس پردہ دیں گے۔

دینی گرمائی کورس
حیدرآباد۔/30اپریل، ( پریس نوٹ ) ڈاکٹر میر وجاہت علی کے بموجب مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ میں اسکول و کالج میں انگریزی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کیلئے ادارہ نے سالانہ تعطیلات کے موقع پر دینی اور مذہبی شعور کی آگہی کیلئے چالیس روزہ دینی گرمائی کلاسیس کا اہتمام کیا ہے جس کا کا آغاز 24اپریل بروز پیر سے ہوچکا ہے۔ جس میں ناظرہ قرآن مجید، تیسویں پارہ کی 20 سورتیں، چہل حدیث، مسنون دعائیں، فقہی مسائل، وضو اور طہارت، غسل، اذکار، نماز، نماز جنازہ کا طریقہ و دیگر مختصر سیرت النبی ؐ، صحابہ کرامؓ و اہل بیت اطہار، اکابراولیاء کرام کے حالات زندگی، مختصر تاریخ اسلام، اردو پڑھنا اور لکھنا، مشق وغیرہ کا طالب علم کی عمر اور قابلیت کے لحاظ سے نصاب تیار کیا گیا ہے۔ اوقات درس صبح 9ساعت تا 2ساعت دن ہے۔ مشفق تجربہ کار اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ خواہشمند حضرات بہ اوقات دفتر صبح 9 تا 5 بجے شام داخلہ کیلئے رجوع ہوکر مولانا قاضی محمد ناصر الدین صدیقی ( صدر مدرس ) سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے 24475516 ، 9848173896 پر ربط کریں۔
٭٭ مولانا سید اسحاق محی الدین قادری کے بموجب مدرسہ فاطمۃ الزہرہ للبنات ( تحت مدرسہ باب العلم انوار محمدی ) نزد زو پارک ( حفیظ ولا ) بہادر پورہ بروز پیر سے ہوچکا ہے۔ جہاں پردہ کے معقول نظم کے ساتھ محترمہ روبینہ پروین ( محل مبارک ڈاکٹر میر وجاہت علی معتمد مجلس انتظامی ) کی نگرانی میں ابتدائی ناظرہ قرآن مجید باتجوید، ضروری دینی مسائل، طہارت، غسل، وضو، نماز، روزہ مسنون دعائیں اور دیگر دعائیں وغیرہ پر مشتمل نصاب کے ساتھ تعلیم کا بہترین نظم ہے۔ خواہشمند طالبات بہ اوقات دفتر صبح 9 تا 5 ساعت شام یا موبائیل نمبر 9848173896 پر ربط کریں۔
٭٭ ممتاز ایجوکیشنل سوسائٹی فلک نما اور شاخ انجمن ترقی اردو فاروق نگر فلک نما کے زیر اہتمام 24اپریل سے 5 جون تک مدرسہ دینیات جامع مسجد بلال ؓ ہاشم نگر ہاشم آباد صبح 6:30 تا 8 بجے مدرسہ ابوبکر ؓ فاروق نگر صبح 9بجے تا 10:30 بجے تک، اے کیو ٹیٹوریل ٹیلرنگ سنٹر میں 10:30 بجے تا 11:30 بجے تک، نوبل ٹیٹوریل عبقری ولا فاروق نگر پر 3 بجے تا 5 بجے شام تک اردو، دینیات کی تعلیم کا مفت انتظام ہے۔ وقت کی پابندی کے ساتھ چاروں مرکز پر میر وقارالدین علی خاں صدر انجمن شاخ فاروق نگر و سوسائٹی ہر سال کی طرح راست نگرانی میں کلاسیس چلائی جارہی ہیں۔

 

یتیم بچوں کیلئے داخلے
حیدرآباد۔/30اپریل، ( این ایس ایس ) چاؤڈی چائیلڈ ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے 2017-18 کیلئے سوسائٹی میں داخلوں کیلئے یتیم لڑکوں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ یہ غیر سرکاری ادارہ گزشتہ 12سال سے یتیم لڑکوں کو غذا، کپڑے، شیلٹر اور معیاری تعلیم جیسی ضرورتیں فراہم کررہا ہے۔ کلاس I تاX مفت تعلیم کیلئے درخواستیں 10جون 2017 سے قبل سوسائٹی کو روانہ کی جاسکتی ہیں۔ دلچسپی رکھنے والے پلاٹ نمبر 224 ، ٹیلی کام نگر گچی باؤلی حیدرآباد سے ربط کرسکتے ہیں یا فون 9908507838 ، 040-23008955 پر ربط کرسکتیے ہیں۔

زمین پر سب سے پہلی صدا جو بلند ہوئی، وہ اذان ہے
اذان کے وقت کی دُعا رد نہیں ہوتی، مدینہ مسجد میں مولانا محمد زعیم الدین حسامی کا خطاب

حیدرآباد 30اپریل (پریس نوٹ) اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے کہ اے ایمان والو جب جمعہ کے دن نماز کے لئے اذان دی جائے تو اللہ کے ذکر (یعنی خطبہ و نماز) کی طرف دوڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو، یہ تمہارے لئے بہتر ہے، اگر تم جانتے ہو۔ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے کہ بے شک جمعہ دنوں کا سردار ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ نے پانچ خصلتیں رکھی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدمؑ کو اس دن پیدا فرمایا ہے۔ اسی دن وہ زمین پر اُتارے گئے۔ اسی دن وہ وفات پائے۔ اور اللہ تعالیٰ نے اس دن ایک ایسی ساعت رکھی ہے جس میں بندہ جو بھی دُعا مانگے قبول کی جائے گی۔ بشرطیکہ وہ حرام چیز طلب نہ کریں۔ اور قیامت بھی اسی دن واقع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار سکریٹری سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی نے مسجد مدینہ ، حسینی باغ میں نماز جمعہ سے قبل اجتماع سے خطاب میں کیا۔ مولانا حسامی نے کہاکہ سب سے پہلے اذان حضرت جبرئیل علیہ السلام نے دی۔ چنانچہ جب حضرت آدم علیہ السلام زمین پر اُتارے گئے تو آپ کو گھبراہٹ اور وحشت ہونے لگی۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت جبرئیل علیہ السلام نے اذان کہی اور جب اشھد ان محمد رسول اﷲ کہا تو اس سے انسیت معلوم ہوئی اور آپ کی وحشت دفع ہوگئی۔ اسی لئے جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے کان میں سب سے پہلے اذان کہی جاتی ہے۔

 

شہر حیدرآباد میں مسلم پرسنل لا بیداری مہم
حیدرآباد 30 اپریل (راست) جماعت اسلامی ہند کی جانب سے کل ہند سطح پر چلائی جارہی مسلم پرسنل لا بیداری مہم 23 اپریل تا 7 مئی کے ضمن میں شہر حیدرآباد میں سرگرمیاں جاری ہیں۔ خاص طور پر خواتین میں شعور بیدار کرنے کی طرف توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ شہر کی سطح پر عالمات کنونشن 4 مئی بروز جمعرات سہ پہر 3 بجے اسلامک سنٹر لکڑکوٹ چھتہ بازار میں ہوگا۔ خواتین کنونشن 5 مئی بروز جمعہ دوپہر 3 بجے بمقام میڈیا پلس، عابڈس روڈ گن فاؤنڈری میں ہوگا۔ وکلاء مرد و خواتین کے لئے پروگرام 6 مئی بروز ہفتہ بعد نماز مغرب Spices6 ہوٹل بنجارہ ہلز میں ہوگا۔ مرد حضرات کے لئے مشاعرہ 5 مئی کو رات 8 بجے اور خواتین کے لئے مشاعرہ 2 ئی دوپہر 2.30 بجے دن بمقام اسلامک سنٹر لکڑکوٹ چھتہ بازار میں ہوگا۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد 30 اپریل (راست) مولانا عبیداللہ مفتاحی نائب معتمد لجنۃ العلماء اے پی کے بموجب مولانا عبدالملک المظاہری بعد نماز مغرب مسجد غوث الدین گھٹالہ ملے پلی میں اور مولانا سید عترت احمد حسامی بعد نماز عشاء مسجد اشرفی گولکنڈہ میں درس قرآن دیں گے۔
’’امریکہ میں مسلمان، اسلام اور چیالنجس‘‘ پر ڈاکٹر مفتی محمد قاسم صدیقی کا لیکچر
حیدرآباد 30 اپریل (راست) امریکہ کیرولینا میں مقیم عالم دین، کالم نگار، خطیب اور داعی اسلام مولانا ڈاکٹر محمد قاسم صدیقی نظامی کا ایک معلوماتی لکچر بعنوان ’’امریکہ میں اسلام، مسلمان اور چیالنجس‘‘ بمقام شیخ الاسلام لائبریری اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن شبلی گنج نزد جامعہ نظامیہ یکم مئی بروز پیر سات بجے شام ہوگا۔ مولانا ڈاکٹر شاہ محمد فصیح الدین نظامی خیرمقدم کریں گے۔ آصف سلمان نظامی نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ ڈاکٹر عبدالعلیم نظامی کو تہنیت پیش کی جائے گی۔
جلسہ ہائے فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم
حیدرآباد 30 اپریل (پریس نوٹ) اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیراہتمام یکم تا اختتام ماہ صیام ’’فضائل رمضان المبارک و جشن نزول قرآن کریم‘‘ سے معنون اکیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاءؒ یادگار خطابات کے سلسلہ میں دونوں شہروں اور رنگاریڈی کی مساجد میں سے کسی ایک مسجد میں بعد نماز ظہر و نیز بعد نماز تراویح خطابات کا اہتمام ہوگا۔ ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی ڈائرکٹر آئی ہرک خطاب کریں گے۔ آئی ہرک کی مجلس انتظامی کی ایسی مسجد کمیٹی یا متولی صاحب جو اپنی مساجد میں ڈائرکٹر آئی ہرک کے خطاب رکھنے کے خواہشمند ہیں وہ ایک تحریری درخواست کے ساتھ دفتر آئی ہرک واقع ’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن 9000205282 پر16 شعبان المعظم یا اس سے قبل ربط کریں۔

اعراس شریف
حیدرآباد 30 اپریل (راست) سالانہ جشن اولیاء اللہ و بضمن عرس شریف حضرت صوفی ذاکر المعروف اقبال پاشاہ قادری شطاری، حضرت صوفی سید عیسیٰ قادری شطاری اور مولانا صوفی ساجد پاشاہ قادری شطاری یکم مئی بروز پیر بعد نماز عشاء سہانہ فنکشن ہال کشن باغ بہادر پورہ میں مقرر ہے۔ مولانا صوفی علی پاشاہ قادری شطاری کی سرپرستی، مولانا صوفی سید حمید قادری شطاری کی نگرانی اور مولانا سید محمد اقبال بادشاہ الحسنی الحسینی قادری شطاری صدارت کریں گے۔