مذہبی خبریں

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : مولانا عبدالملک المظاہری بروز جمعرات بعد نماز مغرب جامع مسجد اے بیاٹری لائن نیو ملے پلی میں اور مولانا سید ظفر احمد جمیل حسامی بعد نماز ظہر مسجد چمن افضل گنج میں درس قرآن دیں گے ۔۔

قرات کی تربیت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : مدرسہ دینیہ مدینتہ العلوم حکیم پیٹ ٹولی چوکی میں بعد نماز عصر تا عشاء قاری محمد عبدالکریم اشرفی نعیمی قواعد کے ساتھ قرات کی مشق اور تربیت دینگے ۔ محمد غوث خاں نگرانی کرینگے ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : عرس شریف حضرت سید شاہ غلام محمد قادری شاہ حماد ثانیؒ کی سہ روزہ تقاریب درگاہ درفیض عام چھتہ بازار حیدرآباد میں جمعہ 12 ذی قعدہ 28 اگست کو بعد نماز عشاء صندل مالی و سماع سے شروع ہوں گی ۔ 13 ذی قعدہ کو چراغاں 14 ذی قعدہ کو بعد نماز فجر ختم قرآن مجید بعد نماز ظہر زنانی مجلس منعقد ہوگی ۔ سجادہ نشین جناب قادر محی الدین قادری الیاس مراسم عرس انجام دیں گے ۔۔
٭٭    عرس شریف حضرت محمد فیاض الدین علی صدیقی المعروف محبوب پاشاہؒ 27 اگست حسینی علم منایا جائے گا ۔ چار بجے مزار مبارک پر گل افشانی ہوگی ۔ عصر تا مغرب مکان پر ذکر الہیٰ کا اہتمام ہوگا ۔ بعد مغرب محفل سماع ہوگی ۔۔

ہفتہ واری اجتماع
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : تحریک اسلامی کے زیر اہتمام ہفتہ واری اجتماع 27 اگست کو بعد نماز عشاء تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا۔ مولانا محمد آصف بلال قادری کا خصوصی خطاب ہوگا ۔۔

 

محفل نعت شہہ کونینﷺ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : جامع مسجد مومن چودھری نجم نگر کشن باغ میں 27 اگست کو بعد نماز مغرب تا عشاء محفل نعت شہہ کونینؐ زیر نگرانی مولانا مرزا امجد بیگ قادری مقرر ہے ۔ مولوی سید شوکت قادری مہمان خصوصی نعت پاک سنائیں گے ۔۔

جھیلہ مبارک درگاہ یوسفینؒ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : حسب عمل درآمد قدیم جھیلہ مبارک درگاہ حضرات یوسفینؒ نامپلی 19 ذی قعدہ کو مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر جلوس جھیلہ مبارک قدم رسول پنجہ شاہ سے برآمد ہو کر درگاہ شریف نامپلی پہونچے گا ۔ جہاں بعد نماز مغرب رسم جھیلہ مبارک انجام دی جائے گی ۔ اس کے ساتھ ہی اعراس شریف حضرات یوسفینؒ کی تیاریوں کا آغاز ہوگا ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف ) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری 27 اگست کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی شکر گنج مقرر ہے ۔۔

 

جامعہ عثمانیہ میں آج مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : شعبہ اسلامیات ( اسلامک اسٹڈیز ) جامعہ عثمانیہ کے پریس نوٹ کے بموجب جامعہ ہذا کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے قیام کے پچاس سال کی تکمیل پر 2015 تمام سال گولڈن جوبلی تقاریب کے ضمن میں سمینارس ، کانفرنس ، سمپوزیمس اور لکچرس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میں تیسرے توسیعی لکچر میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامی فقہ اکیڈیمی بموضوع ’ بین مذہبی تعلقات ، اسلامی تناظر میں ‘ خطاب کریں گے ۔ پروگرام 27 اگست کو 11 بجے دن نیو سمینار ہال آرٹس کالج جامعہ عثمانیہ میں منعقد ہوگا ۔ محترمہ عائشہ محمود فاروقی صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز جامعہ عثمانیہ نے اہل ذوق حضرات سے شرکت کی درخواست کی ہے ۔۔

 

مجلس حلقہ ذکر و فکر
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : مجلس حلقہ ذکر و فکر جمعرات کو بعد نماز عشاء قیام گاہ مولانا سید ارشد پاشاہ قادری واقع تاڑبن میں مقرر ہے ۔ حافظ سید فصیح اللہ قادری کی قرات ، بزرگ نعت خواں الحاج خواجہ احمد علی شاہ کی نعت شریف کے بعد ذکر کا آغاز ہوگا اور خصوصی دعا ہوگی ۔۔

حلقہ ذکر الہی و نعت شاہ کونینؐ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : حلقہ ذکر الہی و نعت شاہ کونینؐ زیر نگرانی حضرت شاہ محمد صدیق مینائی چشتی قادری واقع آستانہ مینائی پھول باغ جہاں نما میں بروز جمعرات بعد عشاء مقرر ہے ۔۔

 

حج و عمرہ تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : عازمین حج و عمرہ اور زائرین مدینہ منورہ تربیتی کورس کا نیا بیاچ 25 اگست مولانا مفتی سید آصف الدین ندوی قاسمی کی راست نگرانی میں انسٹی ٹیوٹ آف عربک مہدی پٹنم میں شروع ہوا ۔ جس کی کلاسیس اتوار کے علاوہ ہر دن جاری ہیں ۔ کلاسیس مذکورہ وقت و مقام پر 4 ستمبر تک جاری رہیں گی ۔ اتوار کو تعطیل رہے گی ۔۔

سیرت ابراہیم ؑ ، حج اور قربانی پر کتب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : منیجر مرکزی مکتبہ اسلامی کے بموجب مرکزی مکتبہ اسلامی سب ڈپو چھتہ بازار اور برانچ ٹولی چوکی پر سیرت حضرت ابراہیم ؑ ، حج و قربانی کے عنوان پر مختلف علماء کرام کی کتب دستیاب ہیں جس میں قابل ذکر کتابیں سیرت حضرت ابراہیم ؑ ، ہو آج بھی جو ابراہیم سا ایماں پیدا ، حج کے احکام و مسائل ، مختصر احکام حج ، حج عمرہ گائیڈ ، قربانی کی شرعی حیثیت ، عید قرباں (مولانا سید ابوالاعلی مودودیؒ ) ، قربانی (تاریخ حقیقت و اعتراضات ) و دیگر اسلامی کتب سب ڈپو مرکزی مکتبہ اسلامی چھتہ بازار اور برانچ ٹولی چوکی واجبی قیمت پر حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبرات 9966710339 ۔ 66710339 پر ربط کریں ۔۔

 

جشن شاہ خراساں ، مولانا سید دلدار حسین عابدی دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( راست ) : کل ہند مرکزی جشن شاہ خراساں کا کل رات عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر بی تالاب کٹہ میں انعقاد عمل میں آیا ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی نے افتتاحی تقریر میں کہا کہ ہمیں قرآن کے ساتھ ساتھ اہلبیت اطہار کا دامن تھام کر ان کے بتائے ہوئے راستوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حضرت امام الرضا کی علمی خدمات امام ضامن کے احادیث و روایات معجزات بیان کئے ۔ مدعو قصیدہ خواں حضرات اور شعرائے کرام کے درمیانی نورانی محفل سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا نے بھی خطاب کیا ۔ مہمان خصوصی کے ہاتھوں کتاب گلدستہ مناقب امام رضا کا رسم اجرائی عمل میں آئی ۔ جناب میر ہادی علی صدر آل انڈیا شیعہ آرگنائزیشن نے فضائل بیان کئے اور حضرت سعید شہیدی کا کلام پیش کیا ۔ مولانا سید حیدر زیدی نے مولانا سید اختر زیدی کا کلام پیش کیا ۔ مولانا حیدر یوپی ، محسن عمران دہلی ، حضرت ابراہیم علی حامی ، مولانا غلام عسکری رشید ، اقبال عابدی ، ممتاز دانش ، دلدار عابدی ، تقی گلبرگی علی محسن خاں ، تراب علی تراب ، عباس علی سلیم ، رضا علی سہیل ، جواد شہپر نے  منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ آغاز آفندی برادران اور جناب میر ہادی علی صدر انجمن گلشن حسینیہ نے قصیدہ اور منقبت پیش کیا ۔۔

 

جامعہ نظامیہ کے امتحانات میں شاندار کامیابی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : قاری محمد دستگیر خاں قادری ناظم مدرسہ کے بموجب جامعہ نظامیہ کے امتحانات فن تجوید القرات ، زبانی و تحریری منعقدہ 24 مئی کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ محبوبیہ اسلامی اسکول نزد بنگلہ بینی دبیر پورہ سے 13 طلباء و طالبات شریک امتحان تھے ۔ جن میں حافظ و قاری محمد ناصر محی الدین ولد قادر محی الدین ، جناب محمد غوث الدین ولد خواجہ معین الدین بدرجہ دوم کامیابی حاصل کی ۔ علاوہ حافظ محمد غلام محی الدین ولد مخدوم محی الدین نے درجہ اول میں کامیابی حاصل کی ارکان انتظامی کمیٹی نے مبارکباد دی ۔ علاوہ ازیں امتحانات اردو دانی ، زبان دانی ، انشاء ، زیر اہتمام عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ ماہ جنوری 2016 میں منعقد ہوں گے ۔۔

 

خطبات حجتہ الوداع میں اعلائے کلمۃ الحق کی خاص ہدایت
ڈاکٹر سراج ولا میں کتاب کا اجراء ، سید وقار الدین ، غلام نبی شاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : پیغمبر اسلام ﷺ نے حجتہ الوداع کے موقع پر تقریبا سوا لاکھ جاں نثار صحابہ کرام کے مجمع کو مخاطب فرماتے ہوئے عظیم جامع خطبہ دیتے ہوئے ارشاد فرمایا ’ ایک مسلمان دوسرے مسلمان بھائی کے خون ، مال ، عزت ، و آبرو کا ایسے ہی احترام کرے جیسے حج کے دن کا شہر مکہ کا احترام کرتا ہوں ۔ کعبتہ اللہ کا ، ملتزم ، احترام کرتا ، اور آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا سن رکھو ایام جاہلیت کے تمام دستور ، رسم و رواج میں اپنے پیروں تلے روندھ چکا ہوں ، اسی طرح 18 سے زیادہ ہدایتیں امت مسلمہ کو اس لافانی خطبہ میں دی گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار داعی اسلام غلام نبی شاہ نقشبندی نے ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر میں کتاب ’ خطبات حجتہ الوداع کی رسم اجراء کے موقع پر کیا ۔ کتاب کا اجراء جناب وقار الدین قادری چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ انہوں نے مولانا غلام نبی شاہ کی محنتوں کو سراہا ۔ ڈاکٹر محمد سراج الرحمن نقشبندی نے بتایا خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر اللہ کے رسول ؐنے صحابہ کرام سے یہ عہد لیا جتنے صحابہ یہاں حاضر ہیں اور جو کچھ انہوں نے دربار رسالت مآب ؐ سے فیض یاب ہوئے ہیں جو یہاں موجود نہیں ہیں ( غائبین ) تک تعلیمات رسالت پہنچائیں ۔ اب یہ ہر امتی کی ذمہ داری دعوت دین حق ساری دنیا میں خاص کر برادران وطن میں اعلائے کلمات الحق پہنچانا ہے ۔ اس موقع پر جناب ابوبکر بیورو چیف ، جناب جمیل احمد خاں سینئیر رپورٹر موجود تھے ۔ یہ کتابچہ ڈاکٹر سراج ولا متصل جامع مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔۔