کاغذنگر۔8اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذنگر کے پدماشالی بھون میںجماعت اسلامی ہند کے زیراہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی غیر مسلم برادران وطن کیلئے دعوتی نقطہ نظر سے عیدمیلاب تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حلقہ آندھراپردیش و تلنگانہ کے سکریٹری جناب عبدالعزیز بحیثیت صدر جلسہ اور مہمان خصوصی عبدالستحان ناظم ضلع نیلور کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی جناب کونیرو کونپا ‘ ڈی ایس پی سریش بابو‘ میونسپل چیرپرسن محترمہ ودیاوتی‘ وائس چیرپرسن جناب صدام حسین ‘ بی جے پی ڈسٹرکٹ کنوینر مسٹر پوچیا‘ ٹی جے اے سی ڈسٹرکٹ کنوینر مسٹر کشور کما ‘ ڈبلیو پی آئی کے مقامی صدر جناب مسعود علی کے علاوہ عیسائی برادری سے جان پرکاش اور دیگر موجود تھے ۔ ناظم ضلع نیلور جناب عبدالستحان نے بزبان تلگو مخاطب کیا اور تفصیل کے ساتھ رمضان اور روزوں کی اہمیت واضح کی اور آسمانی کتابوں کے ذریعہ توحید و رسالت اور آخرت کے عقائد کو بیان کرتے ہوئے موجود ملک کی صورتحال کے حوالے سے معاشرہ کی سُدھار اور ملک کی تعمیر و ترقی اور امن و شانتی کیلئے خالق کائنات کی طرف رجوع ہونے کی دعوت دی اور بتایا کہ صرف یہی ایک راستہ ہے جس سے انسانیت کوکامیابی نصیب ہوسکتی ہے ۔ اسٹیٹ سکریٹری جناب عبدالعزیز نے اردو اور انگریزی میں مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ مذہب کبھی بھی انسان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا‘ انسان اپنے مذہب پر قائم رہتے ہوئے بھی اچھا انسان بن سکتا ہے لیکن اچھا انسان بننے کی بنیادیں اور اُس کی رہنمائی کرنے والا وہی ہوسکتا ہے جس نے اس کو پیدا کیا ۔ اگر انسان اپنے خالق و مالک کی طرف رجوع کرلے تو وہ اچھا انسان بن سکتا ہے ‘ کوئی قانون‘ کوئی پابندی اس کو اچھا انسان نہیں بناسکتی بلکہ خدا کا خوف ہی اُس کو صحیح راہ دکھاسکتا ہے اس کیلئے اُسے مذہب کی اور اسک ی سچی تعلیمات کی ضرورت پڑتی ہے ‘ وہ پورے شعور اور تحقیق سے تلاش اور جستجو سے مذہب کی سبھی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائے تو معاشرے میں سدھار آئے گا ۔ ڈی ایس پی سریش بابو ‘ چیرپرسن محترمہ ودیاوتی اور وائس چیرپرسن صدام حسین ‘ بی جے پی صدر پوچیا اور عیسائی ذمہ داروں نے بھی مخاطب کیا اور عید ملاپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا ۔ ناظم دعوت جناب یوسف ریحان نے تلاوت کردہ آیات کا ترجمہ اور جناب حافظ توصیف نے تلاوت و اردو ترجمانی کی جناب محمد بشیر الدین امیر مقامی نے استقبالیہ پیش کیا اور جناب رفیع الزماں نے پروگرام کی کارروائی چلائی ‘ شرکاء میں مسلم و غیر مسلم احباب کی کثیر تعداد تھی ۔