مدینہ منورہ کی مسجد سید الشہداء میں نمازیوں اور روزہ داروں کا ہجوم

مدینہ منورہ ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی تاریخی مساجد میں ایک مدینہ منورہ میں مقام احد پر قائم مسجد سید الشہداء بھی ہے۔ یہ مسجد مشہور زمانہ جنگ احد کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی۔ ماہ صیام کے موقع پر مسجد نمازیوں اور روزہ داروں سے کھچا کھچ بھر جاتی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مسجد ’سید الشھداء ‘سعودی مذہبی امور و شعبہ دعوت وارشاد کی زیرنگرانی قائم ہے۔ مسجد کا رقبہ 54 ہزار مربع میٹر ہے جس میں 15 ہزار شہری ایک ہی وقت میں با جماعت نماز ادا کرسکتے ہیں۔مسجد سے متصل کئی دوسری سہولیات بھی ہیں۔ ان میں کار پارکنگ، تحائف مرکز اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔مسجد سید الشھداء اس تاریخی مقام پر قائم ہے جہاں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام نے مشرکین مکہ کے خلاف تاریخی جنگ لڑی۔ یہاں پر جنگ میں شہید ہونے والے 70 صحابہ کرام کی آخری آرام گاہیں موجود ہیں۔ اس جنگ کا ذکر قرآن کریم نے کرکے اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔