مدینہ منورہ کا پرنس محمد ایرپورٹ 24 گھنٹوں کیلئے بند

مدینہ منورہ ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے پرنس محمد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تمام طیاروں کی آمدورفت 24 گھنٹوں کیلئے معطل کردی گئی، جہاں سعودی عرب ایرلائنس کے ایک طیارہ نے ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، جس کے نتیجہ میں 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ سعودی عرب کے سرکاری ذرائع نے یہ خبر دیتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب ایرلائنس کمپنی کی قیادت میں ایک ہنگامی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو طیاروں میں مسافرین کی حالت پر نظر رکھے گی اور متبادل پرواز فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں ان تمام مسافرین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ شہری ہوا بازی کی جنرل اتھاریٹی کے ترجمان خالد الخیباری نے کہا کہ سعودی بوئنگ 763 طیارہ نمبر 2841 ایران کے شہر مشہد سے 315 مسافرین کے ساتھ پرواز کررہا تھا کہ اس طیارے کے دائیں پہیہ میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی

جس کے نتیجہ میں اس طیارہ کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑا تھا۔ مسافرین کو طیارہ سے اتارنے کے دوران بھگدڑ کے نتیجہ میں کم سے کم 29 مسافر زخمی ہوگئے تھے، جن کے منجملہ 11 کو دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے اور دیگر 18 کو جو معمولی طور پر زخمی ہوئے تھے ایرپورٹ کے ابتدائی طبی مرکز پر علاج فراہم کیا گیا۔ خالدالخیباری نے کہا کہ اس طیارہ کے پائلیٹ نے کنٹرول ٹاور کو پیغام دیا ھتا کہ عقبی پہیہ میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے اور دائیں جانب کے لینڈنگ پہیوں کو نیچے کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ بعدازاں ایرپورٹ حکام نے لینڈنگ کیلئے متبادل انتظام کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد مدینہ منورہ کے اس ایرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ مدینہ منورہ سے اتوار کو جدہ روانہ ہونے والے ایک سعودی مسافر نے کہا کہ ایرپورٹ پر ہر طرف افراتفری، خوف و سنسنی دیکھی گئی۔ ایرپورٹ کے اکثر کاونٹرس پر بھی یہی صورتحال تھی۔ کوئی بھی عہدیدار صحیح جواب دینے کے موقف میں ہیں تھا اور پریشان حال مسافرین سے صرف یہی کہا جارہا تھا کہ تا حکم ثانی تمام پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔ سعودی ایرلائنس کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ طیارہ کسی دوسری کمپنی سے لیز پر لیا گیا تھا۔