مدہول ۔ یکم جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر مدہول میں گلی گلی گندگی اور گلی گلی اندھیرا چھایا ہوا ہے ۔ رات کی تاریکی میں لوگ راستہ سے گزرنے کیلئے ڈر رہے ہیں۔ خاص طور پر مسلم محلوں میں صفائی اور اسٹریٹ لائیٹ بالکل نہیں کے برابر ہے ۔ رمضان المبارک کیپیش نظر بھی گرام پنچایت مدہول کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ محلہ کے مسلمانوں نے گرام پنچایت میں سرپنچ اور ای او سے نمائندگی بھی کی لیکن گرام پنچایت کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ مدہول کی تاریخی جامع مسجد کی دونوں جانب گلیاں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہیں اور مسجد کے پیچھے حصہ میں خودرو درختوں کی کثرت ہوگئی جس کی وجہ سے ان درختوں کیسائے میں خنزیر اور سانپوں کا اڈہ بن گیا ہے ۔ نماز کو آنے جانے والے مصلیوں کو کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن مدہول سرپنچ اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ کچھ نوجوانوں نے نمائندہ سیاست مدہول سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مدہول سرپنچ سے صفائی اور اسٹریک لائیٹ کے تعلق سے کئی بار نمائندگی کی گئی لیکن کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں جبکہ سرپنچ کی اولین ذمہ داری بنیادی سہولیات کی فراہمی ہوئی ہے لیکن اس کے برعکس یہ کام کر رہے ہیں۔