بھوپال۔22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کی ریاستی وزیر کسم مہدالے نے آج کہا کہ وہ نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی سے ناواقف ہیں۔ اس سے چند دن قبل کسم مہدالے نے غلطی سے اپنے ایک ساتھی وزیر کیلاش وجئے ورگیا کو (لاعلمی کے سبب) ’’نوبل انعام حاصل کرنے پر‘‘ مبارکباد دی تھی۔ خاتون وزیر نے اخباری نمائندوں سے آج یہاں یہ کہتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا کہ ’میں اعتراف کرتی ہوں، اگرچہ میں بہبودی خواتین و اطفال کی وزیر ہوں، دو مرتبہ اس عہدہ پر فائز رہی ہوں، بی جے پی چیف منسٹر سندر لال پٹوا اور اس کے بعد اوما بھارتی کی حکومتوں میں میں وزارت پر فائز رہی ہوں لیکن مجھے کبھی بھی ستیارتھی سے ملاقات کا موقع حاصل نہیں ہوا اور حتی کہ میں ان سے واقف بھی نہیں ہوں‘۔کسم مہدالے کے پاس فی الحال چھ وزارتی قلمدان ہیں جن میں قانون اُمور مقننہ ،گھریلو و دیہی صنعتیں ، فروغ سمکیات ، باغبانی ، صحت عامہ ، انجینئرنگ اور افزائش مویشیان بھی شامل ہیں۔ وہ یہاں اپنے حالیہ لغزش کے بارے میں ایک سوال پر جواب دے رہی تھیں۔ نہ صرف کسم بلکہ ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی نے نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی سے عدم واقفیت کی بناء پر غلطی سے مدھیہ پردیش کے وزیر شہری ترقیات کیلاش وجئے ورگیا کو مبارکباد دی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان کی جواں سال تعلیمی جہد کار لڑکی ملالہ یوسف زئی کے ساتھ کیلاش ستیارتھی کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں 10 ڈسمبر کو مشترکہ طور پر نوبل انعام دیا گیا تھا۔ عالمی قائدین نے مدھیہ پردیش کے جہد کار کیلاش ستیارتھی کی مساعی کی بھرپور ستائش کی تھی لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ خود ان کی آبائی ریاست کے لوگ ہی ان سے واقف نہیں ہیں۔