مدھیہ پردیش میں کانگریس کو عوامی تائید حاصل نہیں:بی جے پی

نئی دہلی / بھوپال، 12 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مدھیہ پردیش ریاستی یونٹ کے صدر راکیش سنگھ نے بدھ کو کہا کہ ریاست میں پارٹی کے لئے ابھی سب ختم نہیں ہوا ہے کیونکہ کانگریس کو عوام کی واضح تائید حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’’مدھیہ پردیش میں کانگریس کو عوام کی واضح تائید حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے متعلق غیر یقینی کی صورتحال برقرار ہے ‘‘۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ بہت سے آزاد امیدوار اور دیگر امیدوار بی جے پی کے رابطہ ہیں۔ پارٹی کا ایک وفد مستقبل میں ریاست کی ترقی کے معاملوں پرغور کرنے کیلئے گورنر آنندی بین پٹیل سے ملاقات کر سکتا ہے ۔کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے بھوپال میں کہا کہ ’’ہم نے گورنر کو لکھا ہیکہ حکومت بنانے کیلئے ہمیں مدعو کیا جائے ‘‘۔ اس کے بعد ٹویٹر پر راکیش سنگھ کا یہ پیغام آیا۔بی جے پی ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہا کہ کانگریس کا دعوی درست نہیں ہے کیونکہ اس نے یہ دعوی اس وقت کیا تھا جب ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔مدھیہ پردیش میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے ۔ کانگریس نے 114 سیٹوں پر فتح حاصل کی ہے جبکہ بی جے پی کے کھاتے میں 109 نشستیں گئی ہیں۔ اسمبلی کی 230 رکنی ایوان میں اکثریتی حاصل کرنے کا عدد 116 ہے اور الٹ پلٹ اور اتحاد کی کوششیں جاری ہیں ۔کانگریس صدر راہول گاندھی نے بتایا کہ کچھ گھنٹے قبل مسٹر کمل ناتھ نے گورنر کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ’’عوامی تائید کا وزیر اعظم اور بی جے پی کو پیغام ہے کہ عوام ان کے کاموں سے خوش نہیں ہیں … ہم نے مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو شکست دی ہے‘‘۔