مدھیہ پردیش میں منگل کووزراء کی تقریب حلف برداری

بھوپال24دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کی گورنر محترمہ آنندی بین پٹیل منگل کے روز یہاں راج بھون میں ریاست کے نئے وزراء کو حلف دلائیں گی۔ کمل ناتھ حکومت کے وزراء کی تقریب حلف برداری کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب دوپہر تین بجے راج بھون میں منعقد ہوگی۔وزیر اعلیٰ کمل ناتھ آج دوپہر تک دہلی سے واپس نہیں ہو سکے ہیں۔ وہ 20 دسمبر کی رات میں دہلی روانہ ہوئے تھے ۔ مسٹر کمل ناتھ اپنے وزراء کے سلسلے میں کانگریس کے صدر راہل گاندھی اور دیگر قد آور رہنماؤں سے مشورے کے لیے دہلی گئے ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ مسٹر کمل ناتھ نئے وزراء کے ناموں کی فہرست لے کر آئیں گے ۔ کل تمام وزراء کو حلف دلایا جائے گا۔ 230 اراکین پر مشتمل اسمبلی میں ضابطے کے مطابق وزیر اعلیٰ سمیت 35 وزراء ہو سکتے ہیں۔ مسٹر کمل ناتھ نے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے 17 دسمبر کو حلف لیا تھا۔ اب عوام میں وزراء کے ناموں کے سلسلے میں تجسس برقرار ہے ۔ امید ہے کہ دو درجن وزراء حلف لیں گے ۔اسمبلی انتخابات میں کانگریس 114 سیٹوں پر فتح کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی کی حیثیت ابھری ہے ۔ کانگریس نے بی ایس پی کے دو، ایس پی کے ایک اور چار آزاد(121) اراکین کے ساتھ حکومت بنائی ہے ۔ 15سال تک اقتدار پر قابض رہنے والی بی جے پی 109 سیٹوں پر سمٹ گئی ہے ۔