بھوپال۔24فروری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری کے کولارس اور ضلع اشوک نگر کے مونگا والی اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخابات کے لئے آج صبح 8 بجے سے سخت انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہوگئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ان دونوں اضلاع میں شام پانچ بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ کولارس میں 311 پولنگ اسٹیشنوں پر ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد خواتین سمیت کل دو لاکھ 44 ہزار 456 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ کولارس میں 22 امیدوار وں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ اس کے علاو موگاولی میں 264 پولنگ مراکز پر88 ہزار سے زائد خواتین سمیت کل ایک لاکھ 91 ہزار نو ووٹر 13 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ دونوں مقامات پر ووٹرویریفائیڈ پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پی ٹی) مشینوں کا استعمال ہورہا ہے ۔ ۔کولارس میں اہم مقابلہ بی جے پی کے امیدوار دیویندر جین اور کانگریس امیدوار مہندر سنگھ یادو کے درمیان ہے ۔ وہیں مونگاولی میں بی جے پی نے بائی صاحب یادو اور کانگریس نے بجیندر سنگھ یادو پر داؤ لگایا ہے ۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کولاراس سے کانگریس کے رام سنگھ یادو اور مونگاولی سے پارٹی کے ہی مہندر سنگھ کالوکھیڑا نے جیت حاصل کی تھی۔ دونوں کے انتقال کی وجہ سے یہ ضمنی چناؤ ہورہے ہیں۔ان دونوں سیٹوں پر واپسی کے لئے جہاں ایک جانب کانگریس نے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا ہے ، وہیں بی جے پی نے بھی آئندہ اسمبلی انتخابات کے پہلے ان سیٹوں پر قبضے کرنے کو اپنا وقار بنالیا ہے۔