مدھیہ پردیش میں بی جے پی کا انتخابی منشور جاری

نوجوانوں ، کسانوں، خواتین اور لڑکیوں کیلئے وعدوں کی بارش
بھوپال۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی نے 28 نومبر کو ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا جس میں کئے جانے والے اہم وعدوں میں سالانہ 10 لاکھ روزگار فراہم کرنے اور تمام طبقات کی فلاح و بہبود بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کے لئے ایک علیحدہ دستاویز بھی جاری کی گئی ہے۔ بی ے پی اس ریاست میں 2003ء سے برسراقتدار ہے اور لگاتار چوتھی میعاد کیلئے اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کانگریس نے اس حکومت پر کسانوں کے لئے اقدامات میں ناکامی کا الزام عائد کیا ہے۔ ’’درشٹی پترا‘‘ سے موسوم بی جے پی کا انتخابی منشور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جاری کیا ہے۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ’’ہم ریاست کے نوجوانوں کو سالانہ 10 لاکھ روزگار اور خود روزگار کے مواقع فراہم کریں گے‘‘۔ بی جے پی نے پرکشش وعدوں کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو متناسب بونس دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو سالانہ 10 لاکھ روزگار اور امتیازی کامیابی حاصل کرنے والی لڑکیوں کو مفت ٹو وہیلرس (اسکوٹی) دیئے جائیں گے۔ زعفرانی جماعت نے اقتدار ملنے پر کسانوں میں 40,000 کروڑ روپئے کے قرض تقسیم کرنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ آئندہ پانچ سال کے دوران 80 لاکھ ہیکٹر اراضی سیراب کی جائے گی۔ خواتین کے لئے زعفرانی پارٹی کے منشور ’’ناری شکتی سنکلپ پترا‘‘ میں وعدہ کیا گیا ہے کہ اسکولوں میں سینیٹری نیپکنس ونڈنگ مشینس نصب کئے جائیں گے۔ 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحان میں 75% سے زائد نشانات حاصل کرنے والی لڑکیوں کو ’’اسکوٹی‘‘ دی جائے گی۔