مدھیہ پردیش حکومت نے حق تعلیم کی خلاف ورزی کی:کمل ناتھ

بھوپال26اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کملناتھ نے ریاست میں تعلیم کی صورتحال بدحال ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت تعلیم کے حق کی خلاف ورزی کرنے کی سب سے بڑی مجرم ہے ۔اپنے ‘چالیس دن، چالیس سوال’ کی سیریز میں آج مسٹر کملناتھ نے اسکولوں کی حالت کے بارے میں اعداد و شمار پیش کئے ۔ انہوں نے کہاکہ بغیر کتاب، بغیر ٹیچر، بغیر کمپیوٹر اور بغیر بجلی لاکھوں بچے اپنا مستقبل کیسے سنوار سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے 71فیصد اسکولوں میں بجلی نہیں ہے اور محض 15.7فیصد اسکولوں میں کمپیوٹر ایجوکیشن کا انتظام ہے ۔ ریاست میں 19ہزار اسکول ایک ایک ٹیچر کے بھروسے چل رہے ہیں اور 14.6 ہزار اسکولوں میں بارش کے دنوں میں پہنچ کا راستہ نہیں ہونے سے ان اسکولوں میں بچے پڑھنے نہیں جاپاتے ۔

ایکٹر اعجاز خان کی تائید پر
بی جے پی لیڈر سے وضاحت طلبی
پاناجی 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا بی جے پی کے اقلیتی سیل نے آج اپنے ایک عہدیدار سے اُس ویڈیو کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے جو اُس نے ایکٹر اعجاز خان کی تائید میں پوسٹ کیا ہے، جسے مہاراشٹرا پولیس نے مبینہ طور پر منشیات رکھنے پر گرفتار کیا ہے۔ بی جے پی اقلیتی سیل کے نائب صدر مولا علی شیخ نے اِس ہفتے اپنے فیس بُک پیج پر ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے بیان کیا تھا کہ اعجاز خان کو پھنسایا گیا ہے۔