مدھیہ پردیش اسمبلی کے احاطہ میں پریس کانفرنس پر پابندی

بھوپال۔/24مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس جنرل سکریٹری اور سابق چیف منسٹر ڈگ وجئے سنگھ کو آج مدھیہ پردیش اسمبلی کے پریس روم میں پریس کانفرنس منعقد کرنے سے اسپیکر نے روک دیا اور کہا کہ یہ سہولت باہر کے لوگوں ( غیر متعلقہ ) کیلئے نہیں ہے ۔اسپیکر کی گیلری سے اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کے بعد ڈگ وجئے سنگھ MPPEB اسکام پر میڈیا کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور جیسے ہی پریس روم پہنچے تو انہیں مارشلس نے اسپیکر ڈاکٹر ستیا شرن شرما کے احکامات حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسمبلی کے احاطہ میں کسی غیر متعلقہ (Out Sider) کو پریس کانفرنس منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ سہولت صرف ریاستی وزراء یا ارکان اسمبلی کو رہے گی۔ یہ احکامات حاصل کرنے کے بعد کانگریس لیڈر اسمبلی کے باہر آگئے اور اسکام پر میڈیا کانفرنس کو مخاطب کیا اور یہ استفسار کیا کہ وہ کس طرح مجھے غیر متعلقہ شخص قرار دے سکتے ہیں جبکہ میں پانچ مرتبہ اسمبلی کا رکن اور 2میعاد کیلئے چیف منسٹر رہ چکا ہوں،

اور وہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے میری آواز کو خاموش نہیں کرسکتے۔ یہ دریافت کرنے پر کہ اسپیکر کے احکامات سے ایمرجنسی جیسی صورتحال کا نقطہ آغاز تو نہیں ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ یہ تو شروعات ہے اور وہ میڈیا کی آواز کچلنے کی کوشش بھی کریں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے بنگلور میں واقع ٹروتھ لیب کی رپورٹ پیش کی ہے جسے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ نے بھی قبول کرلیا۔ اس رپورٹ میں یہ ثابت کیا گیا کہ MPPEB آفس سے پولیس کے ضبط کردہ ہارڈ ڈِسک سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اندور پولیس نے ہارڈ ڈِسک سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اوریجنل ایکسل شیٹ سے 48 مقامات سے چیف منسٹر کا نام حذف کردیا ہے اور میں نے ٹروتھ لیب کی رپورٹ کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کردیا ہے۔دریں اثناء چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے تو ہارڈ ڈِسک کا دعویٰ کیا تھا لیکن اب وہ ایک معمولی پین ڈرائیو بطور ثبوت لائے ہیں۔