مدھیہ پردیش اسمبلی میں کانگریس ارکان کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال

کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر احتجاج میں شدت ‘بی جے پی حکومت پر بے اعتنائی کا الزام
بھوپال ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مدھیہ پردیش میں حالیہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے مطالبہ پر احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی نے آج سے ایوان کے وسط میں غیر معینہ بھوک ہڑتال کا آغاز کردیا ہے ۔ یہ احتجاج آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی جب کہ کانگریس ارکان نے اس مسئلہ پر مفاہمت سے انکار کردیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر ستیہ دیو کاترے نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی نے آج صبح سے غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے تاکہ غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ کسانوں کو امداد و راحت فراہم کرنے کے مطالبہ کی عدم تکمیل پر بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کے خلاف احتجاج کیا جاسکے ۔ یہ دریافت کئے جانے پر کل شب اسمبلی کے احاطہ میں گر کر زخمی ہونے کے بعد بھی وہ کس طرح بھوک ہڑتال میں حصہ لیں گے ۔ مسٹر کاترے نے کہا کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی چونکہ احتجاج میں شامل ہوگئے ہیں ۔ جس کے پیش نظر انہوں نے بھی اظہار یگانگت کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے مسئلہ کی یکسوئی تک کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا اور کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی ۔ اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ایوان اسمبلی سے احتجاجی ارکان کو باہر نکالنے کی کوشش کر کے دکھائے ۔

انہوں نے بتایا کہ فی الحال بھوک ہڑتال میں 30 ارکان اسمبلی شامل ہیں باقیماندہ ارکان کو فی الفور بھوپال پہنچ جانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں اسی نوعیت کا احتجاج شرع کردیں ۔ متاثرہ کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے مطالبہ پر چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس ارکان نے ایوان اسمبلی میں 24 مارچ کی شام سے دھرنا ( بیٹھے رہو ) شروع کردیا تھا ۔ گوکہ اسپیکر ڈاکٹر سیتاشرن شرما نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا تھا ۔ کانگریس کا یہ پر زور مطالبہ ہے کہ ان اضلاع میں کسانوں کو معاوضہ ادا کیا جائے جہاں پر حالیہ بارش اور ژالہ باری اور گذشتہ سال کی خشک سالی سے فصلوں کو زبردست نقصان پہنچاہے ۔ کانگریس کا یہ مطالبہ ہے کہ گہیوں کی فصل کے لیے فی کنٹل 150 روپئے بونس ، ایک واٹر پمپ رکھنے پر برقی بلز کی معافی اور قرضوں کی وصولی کو ملتوی کردیا جائے ۔ دریں اثناء مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ باپو لال گوڑ نے آج اسمبلی کا دورہ کر کے اپوزیشن لیڈر کاترے کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں جو کہ گذشتہ شب اسمبلی کے احاطہ میں گر کر زخمی ہوگئے تھے ۔