مدھیہ پردیش،ہریانہ اور مہاراشٹر میں پردھان منتری آواس یوجنا پر عمل

نئی دہلی30نومبر(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا-شہری کے تحت 8105کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے مدھیہ پردیش میں 34ہزار680،ہریانہ میں 24ہزار 221 اور مہاراشٹر میں 11ہزار 523سستے مکانوں کو منظوری دی ہے ۔ہاؤسنگ اور شہری امورکی مرکزی وزارت نے آج یہاں بتایا کہ شہری غریبوں کے لئے ابھی تک پردھان منتری یوجنا کے تحت 71لاکھ 12ہزار 83مکان منظور کئے جاچکے ہیں۔منظوری اور نگرانی کی مرکزی کمیٹی کی کل دیر شام ہوئی 30ویں میٹنگ میں ایک لاکھ 12ہزار 83 مزید سستے مکانوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ان کی کل لاگت 8105کروڑ روپے ہوگی اور اس کے لئے مرکز 1681کروڑ روپے کی مالی مدد دے گا۔منظور کئے گئے سستے مکانوں میں سے مدھیہ پردیش کے 25شہروں میں 3080 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 34ہزار 680مکان ہوں گے ۔اس میں مرکزی مالی امداد 520کروڑ روپے ہوگی۔ہریانہ کے 28شہروں کے لئے 24ہزار 221 مکان بنائے جائیں گے اور مرکزی حکومت 363 کروڑ روپے دے گی۔