حیدرآباد ۔ /15 اگست (سیاست نیوز) کنچن باغ مدھانی ڈپو کے قریب پیش آئے قتل کی واردات میں ایک واچ مین کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ 26 سالہ سعید فہیم ساکن حافظ بابا نگر کو آج صبح قتل کرنے کے بعد اس کی نعش سنسنان علاقہ میں پھینک دی گئی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مقتول فہیم نے اپنی پہلی بیوی آسیہ بیگم کو چار سال قبل طلاق دے دیا تھا لیکن کچھ عرصہ سے وہ اس سے دوبارہ رجوع ہونے کی کوشش کررہا تھا اور اسے مبینہ طور پر ہراساں کررہا تھا ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آسیہ بیگم جو منڈی میرعالم کے قریب واقع ایک کپڑے کی دوکان میں کام کرتی ہے اور وہاں کے ایک ساتھی ملازم عبید سے اس کے ناجائز روابط قائم ہوگئے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ فہیم کی جانب سے آسیہ بیگم کو مسلسل ہراساں کرنے پر آسیہ نے عبید کو اس سے واقف کروایا اور بعد ازاں فہیم کا قتل کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ۔ آج فہیم کو عبید اور اس کے ساتھی رحیم نے مئے نوشی کروائی اور اس کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ۔ نعش کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کرتے ہوئے بعد پوسٹ مارٹم مقتول کی بیوی شمیم بیگم کے حوالے کردی گئی ۔