مدن پلی سے عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی

مدن پلی /24 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر مدن پلی سے 48 حاجیوں پر مشتمل پہلے قافلے کی روانگی بروز منگل صبح عمل میں آئی ۔ شہر کی جامع مسجد سے خدام الحجاج کمیٹی کے زیر نگرانی خصوصی بس کا انتظام کیا گیا ۔ جامع مسجد کے خطیب و امام حافظ محمد سیف اللہ نے اس موقع پر عازمین حج سے دعاؤں کی درخواست کی اور گذارش کی کہ مناسک حج کی ادائیگی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور جہاں جہاں دعاؤں کی مقبولیت کی جگہ وہاں پر عالم اسلام میں امن کیلئے فلسطین کے عوام کیلئے کشمیر کے قیامت صغری کے متاثرین کیلئے اور شہر مدن پلی میں باران رحمت کی دعاء کی درخواست کی اور اشکبار دعاء فرمائی کہ حاجیوں کی ہر تکلیف آسان ہوجائے ۔ ان کے سفر کی دشواریوں سے حفاظت فرمائیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ چند سالوں سے ضلع چتور کے عازمین حج کیلئے یہ خصوصی سہولت ہوئی ہے کہ حیدرآباد کے بجائے بنگلور سے روانگی عمل میں آرہی ہے ۔ اس موقع پر صدر جامع مسجد حاجی محمد خان صاحب محمد اسمعیل صاحب محمد رفیق بیگ ، انجنئیر اسمعیل کے علاوہ دیگر حضرات شریک رہے ۔ قافلہ کے ساتھ جامع مسجد سے لیکر شہر کے اندرا سرکل تک تلبیہ پڑھتے ہوئے شہریان مدن پلی نے عازمین حج کو وداع کیا ۔