مدرسہ کے 12 سالہ طالب علم کا اغوا، دوسرا چھلانگ لگاکر بچ نکلنے میں کامیاب

حیدرآباد ۔ /4 جون (سیاست نیوز) ملک پیٹ کے علاقے سپوٹا باغ میں نامعلوم افراد نے مدرسہ کے طالبعلم کا آج دوپہر اغوا کرلیا ۔ 12 سالہ صوفی محمد محتشم صوفیان جو سعیدآباد کے مدرسہ فیض العلوم کا طالبلعم ہے آج دوپہر 12 بجے اپنے دوست الطاف کے ہمراہ سموسہ خریدنے کی غرض سے سپوٹا باغ چوراہا پہونچا تھا کہ حاجی سرویسنگ سنٹر کے قریب پہلے سے ہی انتظار کرنے والے چار افراد جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے صوفیان اور اس کے دوست سے ہلز گراؤنڈ کا پتہ بتانے کیلئے کہا ۔ اور بعد ازاں دونوں کو اپنی موٹر سائیکلوں پر سوار کرلیا ۔ الطاف نے کچھ ہی دور جانے کے بعد موٹر سائیکل سے چھلانگ لگادی جبکہ نامعلوم افراد نے صوفیان کا اغواء کرلیا ۔

الطاف نے مدرسہ فیض العلوم پہونچ کر وہاں کے ذمہ داران کو اس واقعہ سے متعلق تفصیلات بتائی جس کے نتیجہ میں فوری پولیس سے شکایت درج کروائی گئی ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس ملک پیٹ مسٹر سی ایچ سدھاکر نے الطاف سے اغواء کنندوں کے حلیے اور دیگر تفصیلات حاصل کیں جس میں الطاف نے بتایا کہ اغواء کنندگان تلگو میں بات چیت کررہے تھے ۔ صوفیان جو قاضی عظمت اللہ جعفری کے فرزند ہے کو اغوا کرنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی عوام ملک پیٹ پولیس اسٹیشن کے قریب اکٹھا ہوگئی اور خاطیوں کو فوری گرفتاری کرنے اور مغویہ لڑکے کو محفوظ طور پر اغواء کنندوں کے چنگل سے چھڑانے کا مطالبہ کیا ۔ ملک پیٹ پولیس نے اغواء کا ایک مقدمہ درج کرکے مغویہ لڑکے کی تلاش شروع کردی جبکہ ٹاسک فورس ٹیمیں بھی اغواء کنندوں کا پتہ لگانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہیں ۔