نظام آباد ۔ 24 جون ۔ ( ذریعہ فیاکس ) نظام آباد مدرسہ مدینتہ العلوم کے زیراہتمام جناب سید اشرف علی صدر انتظامی کمیٹی کی زیرصدارت مدرسہ ہذا میں جلسہ دستاربندی منعقد ہوا جس میں امسال حفظ قرآن مجید تکمیل کرنے والے دو طلبہ کرام حافظ محمد اسلم خان گوندپیٹ ، منڈل آمور ضلع نظام آباد ، حافظ محمد غفران انصاری بہار اسٹیٹ کی دستاربندی مہمان خصوصی جناب الحاج سعید اکبر صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و امام و خطیب جامع مسجد نظام آباد کے دست مبارک سے انجام پائی ۔ دونوں طلبہ کو مدرسہ کی جانب سے فی طالب علم ایک ہزار روپیہ (1000) بطور ترغیبی انعام دیا گیا ۔ مولانا نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قرآن مجید کی تلاوت کو اپنے روزمرہ کے معاملات میں شامل کرنا چاہئے تاکہ ہم اس کی برکات سے مستفید ہوسکیں۔ جلسہ کا آغاز مدرسہ کے طالب علم حافظ محمد غفران انصاری کی تلاوت سے ہوا اور مدرسہ کے طالب علم عبدالمعیز اور محمد حسین خان نے نعت پاک پیش کی اور جلسہ کی نظامت جناب مولانا سلطان احمد لطیفی صدر مدرس مدرسہ ہذا نے انجام دی ۔ اس موقع پر الحاج محمد عبدالوہاب معتمد مدرسہ ہذا اور مرغوب حسن خان محاسب مدرسہ و جناب حافظ محمد قاسم علی معلم مدرسہ و جناب محمد منہاج علی معلم عصری تعلیم مدرسہ ہذا و محمد عبدالحفیظ ( شکیل ) پریسیڈنٹ کانگریس وارڈ نمبر 20حطائی اور دیگر حفاظ و مقامی علماء کرام و الیاء طلبہ کرام و عملہ مدرسہ و مخلصین و معاونین مدرسہ موجود تھے ۔