مدرسہ طالب علم کے سنسنی خیز قتل کا معمہ حل ،کم عمر ملزم پولیس حراست میں

حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) لنگر حوض پولیس نے مدرسہ کے طالب علم کے قتل کے سنسنی خیز معمہ کو اندرون 8گھنٹے حل کرلیا اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث کم عمر ملزم کو حراست میں لے لیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ 17 سالہ نوجوان ساکن اندرا نگر (لنگر حوض) نے 12 سالہ مدرسہ کے طالب علم سید اسلم کو آندھرا فلور ملز کے اسٹور روم میں لے جاکر اس کا جنسی استحصال کرنے کے بعد بہیمانہ طور پر قتل کردیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کم عمر ملزم نے ایک ہفتہ قبل بھی اسلم سے اسی قسم کی گھناؤنی حرکت کی تھی اور اپنے والدین کو اس بات کی اطلاع دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ ملزم نے کل پھر ایک مرتبہ سید اسلم کو آندھرا فلور ملز کے احاطہ میں لے جاکر اس کا دوبارہ جنسی استحصال کیا جس کے خلاف مدرسہ کے طالب علم نے اپنے والد سید افروز کو وہاں طلب کرنے کی دھمکی دی۔ اس کے نتیجہ میں کم عمر ملزم نے اسلم کے سَر پر وزنی پتھر سے وار کردیا اور بعد ازاں اس کا پائپ سے گلا گھونٹ کر اس کا بیدردی سے قتل کردیا۔ لنگر حوض پولیس اس سلسلے میں قتل کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور کل گرفتاری کا اعلان کیا جائے گا۔