مدرسہ انوار العلوم اردو میڈیم بودھن کا احیاء

انتظامی کمیٹی جامع مسجد رئیس پیٹ کی دلچسپی سے جدوجہد کا آغاز
بودھن /5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ انوار العلوم اردو میڈیم رئیس پیٹ بودھن کو مکمل طورپر برخاست کرتے ہوئے اس اراضی پر بعض افراد ناجائز قبضہ کی کوشش کر رہے ہیں، جنھیں بعض بلدی عہدہ داروں کا مبینہ طورپر تعاون حاصل ہے۔ مدرسہ سے متصل سرکاری کواٹرس میں طویل عرصہ سے مقیم قابضین مدرسہ کی کھلی اراضی پر اپنا قبضہ ثابت کرنے بلدی عملہ کے تعاون سے تعمیری کام انجام دے رہے ہیں اور منظم طریقے سے مدرسہ انوار العلوم کی انتظامی کمیٹی میں شامل افراد کے خلاف مقدمات دائر کرتے ہوئے انھیں ہراساں کر رہے ہیں، جس کے باعث ہائی اسکول سطح تک ترقی کرنے والا مسلم کمیونیٹی کا یہ اسکول زوال پزیر ہو گیا۔ ناجائز قابضین کے حملوں اور منتخب قائدین کی عدم توجہ کے باعث گزشتہ چند برسوں سے مدرسہ مکمل طورپر مقفل ہے، لیکن انتظامی کمیٹی جامع مسجد رئیس پیٹ بودھن نے مدرسہ کے احیاء کے لئے اپنی جدوجہد کا آغاز کردیا ہے اور یہاں طالبات کے لئے دینی و دنیوی تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صدر کمیٹی جناب سید ریاض الحسن کے بموجب یہاں تعلیم ترک کی ہوئی لڑکیوں کو دنیوی تعلیم کے ساتھ عالم کورس میں داخلہ دیا جائے گا۔ لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے دو خاتون معلمات کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ لڑکیوں کے لئے دو سالہ عالم کورس کا عنقریب آغاز ہوگا، تاحال دس طالبات اپنا نام درج کرواچکی ہیں، جب کہ مزید طالبات آئندہ ہفتہ مدرسہ انوارالعلوم للبنات سے رجوع ہوں گی۔ انھوں نے بتایا کہ صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے باقاعدہ تعلیم دی جائے گی۔ انھوں نے خواہش مند افراد سے اپنی لڑکیوں کو داخلہ دلوانے کی اپیل کی ہے کہ وہ مدرسہ پہنچ کر اپنی بچیوں کے نام درج کروائیں۔