حیدرآباد /5 نومبر ( سیاست نیوز ) مالی پریشانیوں اور خرابی صحت و گھریلو تنازعات سے تنگ آکر 5 افراد بشمول ایک خاتون نے خودکشی کرلی ۔ علحدہ واقعات میڑپلی کندکور ، پیٹ بشیرآباد ، چندا نگر اور ونستھلی پورم پولیس میں پیش آئے میڑپلی پولیس کے مطابق 37 سالہ جہانگیر جو پیشہ سے لیبر تھا بوڑاپل علاقہ میں رہتا تھا ۔ جو خرابی صحت اور مالی پریشانیوں سے تنگ آچکا تھا ۔ پولیس ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ جہانگیر نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کندکور پولیس کے مطابق 45 سالہ پانڈو جو ابراہیم پٹنم میں رہتا تھا پیشہ سے میستری بتایاگیا ہے ۔ کل شام اس نے نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران وہ رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ پانڈو مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔
پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 34 سالہ مرلی کرشنا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا پیٹ بشیرآباد کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ مالی پریشانیوں کے سبب اس نے کل رات نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ چندا نگر پولیس کے مطابق 31 سالہ راج موہن جو حیدر نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ این ایم سی اے کی تعلیم تکمیل ہونے کے بعد موزوں ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ تاہم اس کو موزوں ملازمت نہیں مل رہی تھی اور وہ جو ملازمت پر تھا اس سے ناخوش تھا ۔ قابلیت کے لحاظ سے ملازمت نہ ملنے پر مالی پریشانیوں اور ذہنی تناؤ کا شکار راج موہن نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 48 سالہ ونستا جو یشودھا نگر ونستھلی پورم علاقہ کے ساکن وینکٹ ریڈی کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے کل صبح نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ وسنتا مالی پریشانیوں کا شکار تھی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔