مختلف وجوہات پر چار افراد کی خودکشی

حیدرآباد /22 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) بیویوں سے جھگڑے کے بعد تین اور والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے ایک کل 4 افراد نے مختلف واقعات میں خودکشی کرلی ۔ یہ واقعات گاندھی نگر ، ملکاجگیری ، الوال اور مہیشورم پولیس حدود میں پیش آئے ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ بابو راؤ جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ ڈی بی آر ، گاندھی نگر میں رہتا تھا ۔ اس نے بیوی سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص بیوی کی ہراسانی کا شکار تھا ۔ ملکاجگیری پولیس کے مطابق 35 سالہ شیوراج جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور تھا مولا علی علاقہ میں رہتا تھا ۔ شیوراج کثرت سے شراب کے نشہ کا عادی تھا اور نشہ کی حالت میں مکان پہونچکر اپنی بیوی سے جھگڑا کرتا تھا ۔ اس کی حرکتوں سے بیوی اپنے مائیکے چلے گئی تھی اور شیوراج بیوی جانے کے بعد والدہ سے لڑ رہا تھا ۔ کل اس نے نشہ کی حالت میں پہونچکر اپنی والدہ سے جھگڑا کیا اور نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ الوال پولیس کے مطابق 26 سالہ سدھیر کمار جو طالب علم تھا الوال میں رہتا تھا ۔ کمار شراب کے نشہ کا عادی بن گیا تھا اور وہ نشہ کی حالت میں مکان پہونچنے لگا تھا کل رات بھی وہ نشہ کی حالت میں اپنے مکان پہونچا ۔ اس کی اس حرکت پر والدین نے ڈانٹ ڈپٹ کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 30 سالہ آر چندرایا جو دھوبی گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا وہ گذشتہ چند دنوں سے کام پر نہیں جارہا تھا ۔ اس بات پر میاں بیوی میں بحث و تکرار ہوئی اور چندرایا کا اس کی بیوی سے جھگڑا ہوگیا ۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے کل رات خودسوزی کرلی جو آج فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔