مختلف وجوہات پر پانچ خواتین کی موت

حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) محبت میں ناکامی شوہر کی ہراسانی ، ذہنی تناؤ اور خرابی صحت کے سبب پیش آئے خودکشی کے مختلف واقعات میں 5 خواتین فوت ہوگئیں ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 15 سالہ سواپنا جو شاہ میر پیٹ علی آباد علاقہ کے ساکن ایریا کی بیٹی تھی ۔ اس لڑکی نے کل اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سواپنا ایک لڑکے سے محبت کرتی تھی جس میں ناکام ہوگئی تھی ۔ دوما پولیس کے مطابق 22 سالہ لکشمی جو دوما علاقہ کے ساکن نرسملو کی بیوی تھی 27 اپریل کے دن اس خاتون نے اپنے جسم پر کیروسین ڈالکر آگ لگالی اور علاج کے دوران کل رات دیر گئے فوت ہوگئی ۔ اس خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے ہراسانی کیا جارہا تھا ۔ اس خاتون کا شوہر ہر روز نشہ کی حالت میں پہونچکر اس خاتون کو ہراساں و پریشان کرتا تھا ۔ شاہ عنایت گنج پولیس کے مطابق 15 سالہ منیشا جو اشوک کی بیٹی تھی اس نے آج صبح کے اوقات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ اس لڑکی کی خودکشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ تاہم پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ لڑکی ذہنی تناؤ کا شکار تھی ۔ جس نے 9 ویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد تعلیم کو ترک کردیا تھا ۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 17 سالہ انوشا جو گنڈی مانماں علاقہ کے ساکن دیوایا کی بیٹی تھی ۔ اس نے خرابی صحت کے سبب کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ عنبرپیٹ پولیس کے مطابق 40 سالہ جیوتی جو پریم نگر عنبرپیٹ علاقہ کے ساکن چندرا کانت کی بیوی تھی ۔ اس نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔