حیدرآباد /20 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں تین افراد نے مالی پریشانیوں کے سبب خودکشی کرلی ۔ ایک نے بیٹی کی شادی کے قرض کی ادائیگی میں ناکامی اور دو افراد نے گھریلو پریشانیوں کے سبب مالی پریشانیوں کا شکار ہوکر خودکشی کرلی ۔ چیوڑلہ پولیس کے مطابق 65 سالہ پی اننتایا جو پیشہ سے کسان تھا چیوڑلہ میں رہتا تھا ۔ اس شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کیلئے قرض لیا تھا ۔ اننتایا کی لڑکی کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور لڑکی کی شادی کیلئے لئے گئے قرض کی ادئیگی میں وہ پریشان تھا ۔ جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس شخص نے 14 اکٹوبر کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا ۔ جس کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران آج یہ شخص فوت ہوگیا ۔ پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق 27 سالہ وی شیکھر جو پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے ۔ ناگرجنا کالونی پنجہ گٹہ میں رہتا تھا ۔ اس شخص نے آج صبح اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ذرائع کے مطابق شیکھر مالی پریشانیوں کا شکار تھا ۔ جس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 48 سالہ آرگوپال جو پیشہ سے مزدور تھا اس نے کل نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔