حیدرآباد 5 جون (سیاست نیوز) شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی مبینہ ہراسانی، خرابی صحت اور حادثاتی طور پر جھلس جانے کے سبب پیش آئے مختلف واقعات میں 4 خواتین کی موت واقع ہوگئی۔ یہ علیحدہ واقعات پرانے شہر کے علاقہ کالا پتھر، چھتری ناکہ، الوال اور مائیلاردیو پلی پولیس حدود میں پیش آئے۔ کالاپتھر پولیس کے مطابق 26 سالہ آسیہ بیگم جو بریانی شاہ ٹیکری علاقہ کے ساکن عبدالرحیم کی بیوی تھی، اس خاتون کی شادی 2010 ء میں ہوئی اور انھیں 2 بیٹے تھے۔ اس خاتون کو پولیس کے مطابق شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا تھا جس سے تنگ آکر خاتون نے کل خودسوزی کرلی اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگئی۔ چھتری ناکہ پولیس کے مطابق 22 سالہ جیوتی جو اپوگوڑہ علاقہ کے ساکن گنیش کی بیوی تھی، اس خاتون نے خرابی صحت سے تنگ آکر اپنے جسم پر کیروسین ڈال کر آگ لگالی جسے فوری علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران آج وہ فوت ہوگئی۔ الوال پولیس کے مطابق 21 سالہ سمتا عرف پاروتی جو سوریہ نگر کالونی الوال علاقہ کے ساکن شیوا کی بیوی تھی، اس خاتون نے کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اس خاتون کو شوہر زائد جہیز کیلئے مبینہ طور پر ہراساں و پریشان کرتا تھا۔ مائیلاردیو پلی پولیس کے مطابق 25 سالہ نذیرا بیگم جو ٹاٹا نگر علاقہ کی ساکن تھی، کل مکان میں پکوان کے دوران جھلس کر شدید زخمی ہوگئی تھی جو آج علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔