مختلف واقعات میں تین خواتین کی خودکشی

حیدرآباد 29 مئی ( سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں تین خواتین نے خودکشی کرلی ۔ سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی نے ایک وطن واپس لوٹے شوہر کی ضد کے آگے ایک اور گھریلو تنازعات سے تنگ آکر ایک خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 32 سالہ وسندنا جو بلی ہلز کالونی ونستھلی پورم علاقہ کے ساکن پرشانت کی بیوی تھی ‘ ان کی شادی سال 2014 میں ہوئی تھی ۔ اس خاتون کو سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے زائد جہیز کیلئے ہراساں و پریشان کیا جارہا تھا جس نے کل رات انتہائی اقدامات کرتے ہوئے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ نارائن گوڑہ پولیس کے مطابق 33 سالہ لکشمی جو وامبے کالونی علاقہ کے ساکن سرینواس کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے 26 مئی کے دن زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ لکشمی بلدیہ کی ملازمہ تھی اس کا شوہر آٹو چلاتا تھا ۔ شوہر اپنے آبائی مقام وطن واپس ہوجانے کی ضد کررہا تھا تاہم بیوی اس بات سے راضی نہیں تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 26 سالہ ناگا دیوی جو پرشانت نگر جوبلی ہلز علاقہ کے ساکن کرشنا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے گھریلو تنازعات سے دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔