مختلف ناموں سے 7 پاسپورٹس رکھنے والا شخص گرفتار

حیدرآباد۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) سٹی پولیس نے آج بازار گھاٹ علاقہ سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جس پر مختلف ناموں سے 7 پاسپورٹس رکھنے کا الزام ہے۔ کمشنر ٹاسک فورس (ویسٹ زون) کے عملہ نے واصف احمد اقبال کو گرفتار کرلیا جو ویزا ایجنٹ کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر این کوٹی ریڈی نے کہا کہ یہ پتہ چلنے کے بعد کہ واصف احمد اقبال نے مختلف ناموں اور تواریخ پیدائش کے ساتھ ایک ہی تصویر پر 7 پاسپورٹس حاصل کئے ہیں، گرفتار کرلیا گیا۔ وہ 2002ء میں جعلی پاسپورٹ کے ذریعہ ویزیٹر ویزا پر آسٹریلیا گیا تھا۔ امریکی حکام کی جانب سے ویزا مسترد کردینے کے باعث اس نے دوسرا پاسپورٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لئے اس نے فرصی نام اور پتہ کے شناختی ثبوت پیش کئے تھے۔ 2010ء میں اس نے جعلی پاسپورٹ پر اپنی بیوی کے ہمراہ ملائیشیا اور تھائی لینڈ کا بھی بطورِ سیاح گیا تھا۔ جون 2012ء میں اس نے جعلی پاسپورٹ پر ملائیشیا اور جنوبی آفریقہ کا سفر کیا۔ اس کے قبضہ سے دیگر 12 پاسپورٹس بھی ضبط کرلئے گئے۔