مختلف سڑک حادثات میں 7 افراد ہلاک

حیدرآباد /29 مارچ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول 4 خواتین اور ایک کمسن لڑکی ہلاک ہوگئے ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 21 سالہ سوجنیا اور 48 سالہ پرملا دو خواتین ایک تیز رفتار آٹو کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں ۔ سوجنیا کومپلی علاقہ میں واقعہ ایک انجینئیرنگ کالج کی طالبہ تھی ۔ جو کومپلی کے ویمنس ہاسٹل میں رہتی تھی ۔ جبکہ پرمیلا جو پیشہ سے خانگی ملازمہ تھی ۔ شاہ پور نگر علاقہ کے ساکن سدھاکر ریڈی کی بیوی تھی ۔ یہ دونوں خواتین سڑک عبور کرنے کے دوران سڑک حادثہ کا شکار ہوگئیں تھیں ۔ بلارم پولیس کے مطابق 38 سالہ شکتی سنگھ جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا بلارم میں رہتا تھا ۔ آج صبح یہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ بلارم کے علاقہ میں ایک کار جس میں 9 سالہ شالینی اور 70 سالہ کشٹیا سوار تھے ان کی کار موٹر سائیکل سے ٹکراکر الٹ گئی اور اس حادثہ میں موٹر سائیکل سوار شکتی سنگھ اور کار میں سوار شالینی اور کشٹیا تینوں ہلاک ہوگئے ۔ یہ لوگ کرن گھاٹ کے ساکنان تھے ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 53 سالہ سدرشن ریڈی جو پیشہ سے پولیس ملازم تھا ایل بی نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص منچال پولیس اسٹیشن سے وابستہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر بتایا گیا ہے ۔ 19 مارچ کو یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ تیز رفتار لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ فلک نما پولیس کے مطابق 45 سالہ کرشنماں جو میر عالم منڈی علاقہ کے ساکن پنٹیا کی بیوی تھی یہ خاتون آٹو میں سفر کر رہی تھی کہ مشتبہ طور پر آٹو سے گرکر دوسرے آٹو کے زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی ۔ اس خاتون کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ آج فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔