حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5افراد بشمول خاتون ہلاک ہوگئے۔ الوال پولیس کے مطابق 29سالہ محمد علی شریف جو سکندرآباد کے علاقہ کارخانہ کا ساکن تھا پیشہ سے ڈرائیور بتایا گیا ہے وہ الوال پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں لاری کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 38سالہ بی کرشنا جو خانگی ملازم تھا نانک رام گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل رات وہ موٹر سیکل پر تارامتی بارہ دری علاقہ سے گذر رہا تھا کہ موٹر سیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوکر زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 65سالہ سگنماں جو چکڑ پلی علاقہ کے ساکن جنگیا کی بیوی تھی کل رات یہ ضعیف جوڑا اپنی کار میں کوکٹ پلی علاقہ سے واپس ہورہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ کار جنگیا چلا رہا تھا جو ایک لڑک سے ٹکراگئی اور بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر کے قریب اُلٹ گئی۔ اس حادثہ میں سگنماں برسر موقع ہلاک اور ٹرک کا کلینر 38سالہ نرسمہلو برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ اس حادثہ میں جنگیا زخمی بتایا گیا۔گاندھی نگر پولیس کے مطابق 22سالہ پروین جو فلیکسی بورڈز تیار کرتا تھا کواڑی گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے کل رات ایک میکانک کی دکان پر ٹھہرا ہوا تھا کہ تیز رفتار بے قابو ٹاٹا آئیس گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔