مختلف سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک

حیدرآباد /22 مئی ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئے ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 40 سالہ ستیش کمار جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ گوشہ محل میں رہتا تھا ۔ 16 مئی کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ بشیر باغ چوراہے کے قریب ا یک آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ میڑچل پولیس کے مطابق 21 سالہ پون شری جو عنبرپیٹ علاقہ کا ساکن تھا یہ طالب علم اس کے ساتھی طالب علموں کے ہمراہ کل رات کار میں جارہا تھا کہ کار بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی اور پون شری برسر موقع ہلاک اور اس کے ساتھی شدید زخمی ہوگئے ۔ چکڑپلی پولیس کے مطابق 70 سالہ خاتون گوراما جو امبیڈکر علاقہ میں رہتی تھی ۔ کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں فوت ہوگئی ۔ بالانگر پولیس کے مطابق 40 سالہ مانوا جو آئی ڈی پی ایل علاقہ کے ساکن سائیلو کی بیوی تھی ۔ کل موٹر سائیکل پر ایک شخص کے ہمراہ جارہی تھی کہ موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں خاتون علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔