بیدر ۔ 23 ۔ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی مملکتی وزیر برائے شہری ہوا بازی جی ایم سدیشور نے بتایا کہ مختلف ریاستوں کے درمیان مزید ہوا بازی رابطہ کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں تین تا چار اضلاع کیلئے ایک ایرپورٹ تعمیر کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اخباری نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سدیشور نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ٹاٹا اور سنگا پور کی حکومت کے درمیان پارٹنرشپ میں ایر انڈیا کمپنی ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں ہوا بازی کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 15 جون سے گگوا اور چینائی کے درمیان پہلی ایر سرویس کا آغاز ہوگا جس کیلئے ٹکٹ فروخت کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے اور عوام کو کم کریہ میں سفر کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ سدیشور نے بتایا کہ اگر ان کی کمپنیاں آگے آئیں تو انہیں بھی فضائی سرویس کا موقع دیا جائے گا جس سے ملک بھر میں سیاحت کو فروخت ملے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلی حکومت میں ریاست کے چند اضلاع میں ایرپورٹ قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے لیکن اسے کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بلاری ایرپورٹ کے لئے زمین پر ابھی قبضہ نہیں ہوا ہے ۔ بیجاپور میں 227 ایکڑ زمین دستیاب ہوئی ہے لیکن زمین کے اندر موجود پتھر نکالنے 100 کروڑ روپئے درکار ہوں گے جس کیلئے ریاستی حکومت 50 اور مرکزی حکومت 50 کروڑ فراہم کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلبرگہ اور شیموگہ میں ایرپورٹ کا تعمیری کام 70 فیصد مکمل ہوچکا ہے جبکہ شیموگہ میں ناقص تعمیری کام کی وجہ سے حکومت نے کنٹراکٹر کا لائسنس رد کردیا ہے ۔ ہاسن میں درکار 760 ایکڑ زمین میں سے 530 ایک ڑ دستیاب ہوئی ہے جبکہ کاردار اور بیدر اضلاع میں محکمہ دفاع کی جانب سے ایرپورٹ تعمیر ہوگا ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی رامچندرا ، ماڈل ویروپا کشپا ، جگدیش ، شیو کمار وغیرہ موجود رہے۔