شاد نگر ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ڈی ایس پی آفس شاد نگر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے ڈی آئی جی وائی گنگا دھر نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع محبوب نگر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کے حدود اور سائبر آباد کے حدود میں نامعلوم خواتین کے مختلف قتل کی وارداتوں میں ملوث ای سرینو عمر 36 سال ساکن گولڈیڈ بالا نگر منڈل ضلع محبوب نگر کو شاد نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ای سرینوو جملہ9 خواتین کے قتل کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔ ملزم سرینو شراب اور سیندھی خانوں پر پہونچ کر خواتین کو تنہا پاکر کسی طرح اپنی جانب راغب کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ دوستانہ ماحول پیدا کرتے ہوئے ان کو سیندھی اور شراب پلا کر خواتین کے پاس موجود زیورات چھین کر ان کا قتل کردیا کرتا تھا ۔ خواتین کا قتل کرنے کا عادی ہوگیا تھا ۔ مذکورہ ملزم کو اس سے قبل 2007 میں 7 سال کی سزا بھی ہوچکی ہے ۔ جیل سے واپس آنے کے بعد سرینو نے 9 خواتین کا قتل کردیا ۔ سرینو کو ضلع کی پولیس اور سائبر آباد پولیس تلاش کررہی تھی ۔ آخر کار سرینو کو شاد نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈی آئی جی وائی گنگا دھر نے بتایا کہ سرینو خواتین کو تنہا اور ان کے پاس زیورات کو پاکر ان کے ساتھ دوستی کرتے ہوئے خواتین کو شراب پلا کر ان کے ساتھ زنابالجبر کرتے ہوئے قتل کردیا کرتاتھا ۔ 9 خواتین کے قتل کے منجملہ 7 کے ساتھ زنا بالجبر اور 2 خواتین کا گلا دبا کر قتل کردیا ۔ خواتین کے قتل کے بعد ان کے پاس زیورات کو چھین کر بالا نگر منڈل میں رہنے والی یادماں نامی خاتون کے حوالے کردیا کرتا تھا ۔ بعد ازاں مذکورہ زیورات کو شاد نگر مستقر میں واقع لکشمی جویلرس میں فروخت کرتا تھا ۔ مختلف قتل کی وارداتوں میں ملوث سرینو کے پاس سے چھ گرام سونا ، قریب 14 تولہ چاندی کو ضبط کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آج دوپہر شاد نگر حدود میں سرینو کو گرفتار کیا گیا ۔ تفتیش کے بعد اپنے جرم کا اقبال کیا ۔ مذکورہ ملزم سرینو کو پولیس شدت کے ساتھ تلاش کررہی تھی ۔