مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک

کلوا کرتی /12 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلوا کرتی گورنمنٹ ہاسپٹل میں آج عوام کی کثیر تعداد جمع ہو گئی، جو مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کے دیدار کے لئے پہنچے تھے۔ تفصیلات کے بموجب کلوا کرتی کے قریب موجود ویلدنڈھ گاؤں میں تین بچے کھیل کود کے بعد پانی پینے کے لئے تالاب کے کنارے پہنچے اور کپڑے اتارکر نہانے کے لئے پانی میں اتر گئے، تاہم زیادہ پانی ہونے کی وجہ سے یہ تینوں طلبہ غرقاب ہو گئے۔ اسی طرح ایک واقعہ رگھوپتی پیٹ میں پیش آیا، جہاں پر ایک طالب علم تیرنے کے بہانے ڈوب کر ہلاک ہو گیا،

جب کہ چارہ کنڈھ کا رہنے والا ایک تین سالہ بچہ ماڈگل میں سڑک حادثہ میں ہلاک ہو گیا۔ یہ کمسن بچہ روڈ کراس کر رہا تھا کہ تیز رفتار بائک نے ٹکر دے دی، جس نے جائے حادثہ پر ہی دم توڑدیا۔ اسی طرح ایک فرد کھیت میں ٹریکٹر کے پلٹ جانے سے دب کر ہلاک ہو گیا، جب کہ دوسرا شخص اروین گاؤں میں ٹریکٹر کی ٹکر کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ ایک اور شخص شارٹ سرکٹ کے سبب ہلاک ہو گیا۔ ان تمام کو کلوا کرتی ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں آج صبح سے شام تک ڈاکٹروں نے 8 افراد کا پوسٹ مارٹم کیا۔ دوا خانہ میں آج صبح سے ہی آہ و بکا کا ماحول چھایا رہا۔ اس موقع پر مقامی ایم ایل اے جے پال یادو، سابق ایم ایل اے اے کشٹا ریڈی، بی جے پی ریاستی سکریٹری اچاری، ٹی آر ایس قائد گولی سرینواس ریڈی، آنند کمار، بھوپت ریڈی اور محمد شاہد نے سوگواروں سے تعزیت کا اظہار کیا۔