مختلف حادثات میں 4افراد ہلاک

حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق نکہت سلطانہ نامی خاتون لنگر حوض پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں فوت ہوگئی۔ اس خاتون کا تعلق کالاپتھر علاقہ سے بتایا گیا ہے جو محمد حسین کی بیوی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق شوہر کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ ایک تیز رفتار ڈی سی ایم نے اسے ٹکر دے دی اس حادثہ میں شدید زخمی خاتون علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 38سالہ شخص یادگیری جو پیشہ سے سرکاری ملاز م تھا گولہ بستی علاقہ کا ساکن تھا 12جون کو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں شدید زخمی شخص علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پنجہ گٹہ پولیس کے مطابق 28 سالہ شخص گوپی جو رحمت نگر یوسف گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے ایک خانگی ٹی وی چینل کا کیمرہ مین بتایا گیا ہے گزشتہ روز گوپی موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں زخمی شخص کل فوت ہوگیا۔گھٹکیسر پولیس کے مطابق 35 سالہ جگن جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا 14جون کو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں زخمی شخص کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔