وارانسی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مافیا ڈان سے سیاستداں بننے والے مختار انصاری نے آج اعلان کیا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر اروند کجریوال کے خلاف وارانسی حلقہ لوک سبھا سے مقابلہ نہیں کریں گے۔ مودی کو شکست دینے کی غرض سے وہ ووٹوں کی تقسیم سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔ مختار انصاری کی پارٹی قومی یکتا دل نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر مختار انصاری مقابلہ کریں گے تو ووٹ تقسیم ہوں گے اور مودی کو فائدہ ہوگا لہذا عام آدمی پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے وہ مقابلہ سے دستبردار ہورہے ہیں۔قومی یکتا دل کے لیڈر نے جو اس وقت اگرہ جیل میں محروس ہیں اپنے فیصلہ سے اپنے بھائی اور قومی پارٹی صدر افضل انصاری کو واقف کرایا ۔ یہ فیصلہ سکیولر طاقتوں کو مضبوط کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ مختار انصاری تاہم ماوا ضلع میں گھوس پالیمانی حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔
جسونت سنگھ کے فرزند کو بی جے پی نے قومی عاملہ سے خارج کردیا
نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے جسونت سنگھ کے فرزند منویندرا سنگھ کو بھی اپنی قومی عاملہ سے بھی خارج کردی۔ اس اطلاع پر کہ بارمیر میں وہ پارٹی کے امیدوار سونارام چودھری کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، بی جے پی نے انہیں پارٹی کی قومی عاملہ سے خارج کردیا۔منویندر سنگھ راجستھان میں رکن اسمبلی ہیںلیکن وہ اپنے والد کیلئے انتخابی مہم چلا رہے تھے۔