مخالف دہشت گردی کارروائی میںقانون کی پابندی کا پوٹین کا تیقن

اقوام متحدہ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )صدر روس ویلا دیمیر پوٹین نے عہد کیا کہ وال گراگ شہر میں دو بم دھماکوں کے خاطیوں کی تلاش میں وہ بین الاقوامی قانو ن کی حد میں رہیں گے ۔ پوٹین نے اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون سے کل خودکش بم دھماکوں کے بعد بات چیت کے دوران انہیں اس بات کا تیقن دیا ۔ پوٹین نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحدہ کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے منظم جرائم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی متحدہ کوششوں میں اقوام متحدہ کے کردار کی ستائش کی ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے معتمد عمومی کو تیقن دیا کہ روس بین الاقوامی قانون کی حدود میں رہتے ہوئے خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے گا۔

خطرے کے اندیشہ سے جنوبی سوڈان سے ہزاروں افراد کا فرار
اقوام متحدہ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کے باغی افواج کے حملہ کے خطرے کی وجہ سے ہزاروں افراد فرار ہوگئے ۔ صوبائی دارالحکومت بور صدر سلوا کیر اور ان کے حریف سابق نائب صدر لیک ماچر کے درمیان خونریز اقتدار کی جنگ میں صوبائی دارالحکومت بور میدان جنگ بنا ہوا ہے ۔ خانہ جنگی میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ نوجوان اور باقاعدہ فوجیوں کے گروپس جنہوں نے بور کے شمال میں کیر کی وفاداری سے انحراف کیا ہے نظر آتے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے ترجمان مارٹن نیسرٹی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بور بڑی حد تک حکومت کے کنٹرول میں ہے لیکن ہزار افراد شہر سے فرار ہورہے ہیں ۔ گذشتہ ہفتہ اقوام متحدہ کی عمارت میں پناہ گزین افراد کی تعداد 17 ہزار تھی جو کل 8 ہزار ہوگئی ہے ۔