محکمہ پولیس میں ملازمتوں کا جھانسہ ،نقلی انسپکٹر گرفتار

حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز ) محکمہ پولیس میں ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے ایک نقلی سب انسپکٹر اور نقلی آئی پی ایس کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ نقلی سب انسپکٹر بھرت کمار اور نقلی آئی پی ایس ارویا کو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا ۔ جب وہ جوبلی بس اسٹیشن سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔بھاسکر وردی میں گھوما کرتا تھا اور اس نے سابقہ ہوم گارڈ کو آئی پی ایس کے طور پر پیش کیا تھا ۔ بھرت کمار 8 ماہ قبل بیگم پیٹ کے علاقہ میں واقعہ ایک کلب میں ملازمت کرتا تھا ۔ اچانک وہ پولیس کی وردی میں نمودار ہوا اور اس نے پنے ساتھیوں کو بے وقوف بناتے ہوئے کہا کہ اگر رقم خرچ کروگے تو تمہیں بھی پولیس میں ملازمت حاصل ہوگی ۔ جس کے بعد اس نے 3 تا 4 افراد کو اپنے جھانسہ میں لے لیا اور ایک دن پولیس کی وردی میں سائبر آباد کمشنریٹ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہنچا ساتھیوں کو باہر ٹھہراتے ہوئے وہ اندر داخل ہوا اور ان سے کہا تھا کہ رقم حوالے کرنے کے بعد وہ واپس ہوگا ۔ اس نے ارویا نامی خاتون سے فون پر بات کروائی تھی ۔ ارویا کے تعلق سے پولیس نے بتایا کہ وہ ایک ہوم گارڈ تھی جسے بے دحل کردیا گیا تھا ۔ کمشنر آفس سے واپس لوٹنے کے بعد اس نے امیدواروں کو اس بات کا بھروسہ دلایا کہ کام مکمل ہوچکا ہے اور اب صرف اپائمنٹ لیٹر آنا باقی ہے ۔ انتظار کے بعد ستیہ نارائنالا، شیوا اور سرینواس پولیس کمشنریٹ پہونچے جہاں اس بات کا اندازہ ہوا کہ وہ لوگ دھوکہ دہی کا شکار ہوگئے جنہوں نے مشورہ پر بیگم پیٹ پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ آج شام نارتھ زون ٹاسک فورس نے ایک کارروائی میں دونوں کو گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات کیلئے بیگم پیٹ پولیس کے حوالے کردیا ۔