محکمہ پولیس میں مزید شفافیت لانے مؤثر اقدامات کا عزم

آندھراپردیش ریاست کے نئے ڈی جی پی کی حیثیت سے آر پی ٹھاکر کا حصول جائزہ
حیدرآباد ۔ 30 جون (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے ریاست کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار و موجودہ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو مسٹر آر پی ٹھاکر کو نئے ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مقرر کرکے احکامات جاری کئے جبکہ موجودہ ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آندھراپردیش مسٹر مالکونڈیا وظیفہ حسن خدمت پر آج سبکدوش ہوگئے جس کے باعث ہی حکومت آندھراپردیش نے مسٹر آر پی ٹھاکر کو آندھراپردیش ڈی جی پی مقرر کیا ہے۔ مسٹر رام پرویش ٹھاکر (آر پی ٹھاکر) نے انہیں ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آندھراپردیش مقرر کرنے پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہارتشکر کیا۔ بحیثیت ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جائزہ حاصل کرنے کے بعد اپنا اظہارخیال کرتے ہوئے مسٹر آر پی ٹھاکر نے کہا کہ ریاستی محکمہ پولیس آندھراپردیش میں مزید شفافیت لانے کیلئے مؤثر اقدامات کریں گے اور محکمہ پولیس کو درکار موٹر گاڑیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے بلکہ پولیس ملازمین وعہدیداروں کی فلاح و بہبود کو بھی اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی عوام کی مزید بہتر خدمت کرنے کا حکومت آندھراپردیش نے انہیں موقع فراہم کیا ہے اور ریاست آندھراپردیش میں نظم و ضبط (لا اینڈ آرڈرز) کی برقراری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مسٹر آر پی ٹھاکر نے کہا کہ نئے قوانین مرتب کرواکر کرپٹ افراد (ملازمین و عہدیداروں) کی املاک وغیرہ کو حکومت کے حوالہ کروانے کے اقدامات کئے گئے۔ اس طرح ریاست آندھراپردیش کو کرپشن سے پاک ریاست میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد کرپشن کے معاملہ میں ریاست آندھراپردیش میں بہتری پیدا کی گئی اور ملک گیر سطح پر ایک مقام حاصل کیا گیا۔ مسٹر آر پی ٹھاکر نے مزید بتایا کہ ریاست آندھراپردیش پولیس کی ایک خصوصی شناخت بنانے کے اقدامات کرے گی۔