محکمہ پولیس میں فیڈ بیاک سرویس ، پولیس خدمات پر خانگی افراد کی نگرانی

حیدرآباد /17 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر میں پولیس خدمات پر اب خانگی افرار نظر رکھیں گے ۔ شکایت گذار کے علاوہ پولیس کی خدمات حاصل کرنے والے ہر شہری سے رابطہ قائم کیا جائے گا اور پولیس خدمات کی تفصیلات خود عوام سے حاصل کی جائے گی ۔ یہ بات کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر مہیندر ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں اس نئے طریقہ کار ’’فیڈ بیاک سرویس ‘‘ کا آغاز کیا اور بتایا کہ یہ خدمات پولیس کی عوام دوست پالیسیوں کا ایک حصہ ہے ۔ جس کو حکومت کے منصوبہ کے تحت رائج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس سے عوام کو قریب کرنے اطمینان بخش سہولیات و خدمات فراہم کرنے میں یہ نئی پالیسی مفید ثابت ہوگی ہے ۔ کمشنر پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ بے خوف ہوکر اپنے آپ بیتی سنائیں اور پولیس کی کارکردگی کے تعلق سے بے باک انداز میں بیان کریں ۔ انہوں نے شہریوں کو اس بات کا بھروسہ دلایاکہ پولیس کارکردگی کے تعلق سے کسی بھی قسم کی اطلاع شکایت یا پھر آپ بیتی بیان کرنے والوں کی شناخت کو مکمل طور پر راز میں رکھا جائے گا اور قصوروار پولیس عہدیداروں اور ملازمین کے خلاف فوری طور پر محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایاکہ فی الحال اس نئے طریقہ کار کے تحت شکایت گذار ایف آئی آر درج ہونے کے بعد کہ مراحل والے افراد اور پاسپورٹ درخواست داخل کرنے والے شہریوں سے اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں کہ آپ نے جس آفیسر سے رابطہ قائم کیا تھا اس کا رویہ کیسا تھا اور کہیں اس نے تنگ تو نہیں کیا یا پھر ہراسانی کی شکایت تو نہیں ۔ دوران تمام مراحل کو یہ خانگی افراد ریکارڈ بھی کریں گے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہے جو پولیس سے رجوع ہونے والی عوام سے رابطہ قائم کریں گے اور پولیس خدمات کے تعلق سے تفصیلات حاصل کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عوام دوست پالیسی کے تحت ایک علحدہ شعبہ کو قائم کیا گیا ہے جو بالخصوص اس کام کیلئے مامور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کے رویہ میں تبدیلی اور پولیس کو عوام کے مزید قریب کرنے کیلئے ان خدمات کا آغاز کیا گیا ہے جو سال کے 365 دن اور ہر روز ہفتہ کے 24 گھنٹے 24/7 کام کرے گا ۔ مسٹر مہیندر ریڈی نے بتایا کہ جو عوام پولیس سے رجوع ہوگی انہیں اطمینان بخش اور تشفی بخش خدمات فراہم کرنا سٹی پولیس کا اہم مقصد ہے جس کے تحت عوام کے جذبات اور احساسات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے کہ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام میں پولیس کے وقارکو بلند اور عوام کو پولیس کا دوست بنایا جاسکے۔ انہوں نے اس بات کا یقین جتایا کہ یہ پالیسی جرائم میں کمی اور پرامن سماج کیلئے کارآمد ثابت ہوگی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر مسٹر انجی کمار اور دیگر موجود تھے ۔