محکمہ پولیس میں آپسی اختلافات آشکار

اڈیشنل ڈی سپی پی رچہ کنڈہ کی انسانی حقوق کمیشن میں شکایت
حیدرآباد /18 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ پولیس کے آپسی اختلافات آج انسانی حقوق کمیشن پہونچ گئے ۔ ویسے تو پولیس کی ناانصافیوں کے خلاف اکثر عوام انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اراضی معاملہ میں بے جا اختیارات کا استعمال اور تنازعہ میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا کر رہے ہے ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی رچہ کنڈہ آج انسانی حقوق کمیشن پہونچ گئے اور محکمہ میں تنگ نظری اور لاپرواہی کے الزامات لگاتے ہوئے اعلی عہدیداروں کو نشانہ بنایا ۔ مسٹر رویندر ریڈی ایڈیشنل ڈی سی پی رچہ کنڈہ نے انسانی حقوق کمیشن میں درخواست دیتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کرنے اور لاپرواہی اور تنگ نظر سے چھٹکارا دلاکر انصاف کی خواہش کی ۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈی سی پی نے چیف سکریٹری ڈی جی پی کمشنر پولیس رچہ کنڈہ اور ایک اے سی پی پر الزام لگایا کہ انہیں جان بوجھ کر پریشان کیا جارہا ہے اور 14 ماہ سے ان کے ساتھ مسلسل ناانصافی جاری ہے اور کسی قسم کی کوئی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔ انہیں سرکاری سہولیات اور گاڑی بھی مختص نہیں کی گئی ۔ واضح رہے کہ پٹن چیرو میں واقع اراضی معاملہ میں مسٹر رویندر ریڈی الزامات کا سامنا کر رہے ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔