جمعرات , دسمبر 12 2024

محکمہ ٹرانسکو کی لاپرواہی سے خاتون فوت

یلاریڈی میں عوام کا احتجاجی مظاہرہ، ہر جانہ ادا کرنے کا مطالبہ

یلاریڈی۔/17 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ برقی ٹرانسکو عہدیداروں کی لاپرواہی کے باعث ایک خاتون کی جان چلی گئی۔ یہ واقعہ منڈل سدا شیو نگر کے اڈلور یلاریڈی علاقہ میں پیش آیا۔ آنگن واڑی بھون پر کام کررہی خاتون برقی شاک لگنے سے مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئی۔ خاتون کی جان کی قیمت 60 ہزار روپئے مقرر کی گئی۔اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق منڈل مستقر سے تعلق رکھنے والی 45 سالہ خاتون، راجا منی اور مستری لکشمن کو اڈلور یلاریڈی میں آنگن واڑی بھون کے کام پر لایا گیا اور خاتون مزدور عمارت کے اوپر کام کررہی تھی کہ عمارت کے اوپر سے جارہے KV6.3 برقی تاروں کو غور نہ کرنے سے برقی شاک کا شکار ہوگئی اور مقام حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئی۔ متوفی کے بھائی راملو کی شکایت پر پولیس کے سب انسپکٹر مسٹر نریش مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ بعد ازاں علاقہ کی عوام نے نعش کو لے کر تقریباً سات گھنٹے تک احتجاج کیا اور پانچ لاکھ روپئے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ عہدیداروں کے ساتھ گھنٹوں بات چیت کرنے کے بعد بھی کوئی فائدہ نہ ہوا، عمارت کے گتہ دار نے متوفی کے خاندان کو 60 ہزار روپئے ادا کرنے کا تیقن دیا۔ متاثرہ خاندان مایوس ہوکر اس سے مطمئن ہوگئے۔ اس طرح ایک جان کی قیمت محض 60 ہزار روپئے ہوکر رہ گئی۔ جبکہ محکمہ برقی عہدیداروں کی لاپرواہی حادثہ کا سبب ہے۔ پھر بھی غریب مزدور کی زندگی کی قیمت ادا نہ کرسکے۔

TOPPOPULARRECENT