بودھن۔23 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ بودھن اور محکمہ عمارات و شوارع (R&B) کی جانب داری کے سبب بودھن کے چھوٹے مسلم بیوپاری گذشتہ ایک ماہ سے بیروزگار ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب امبیڈکر چوراستہ تا قدیم بس اسٹانڈ سڑک کی توسیع کے دوران دفتر سرکل انسپکٹر پولیس رورل کی دیوار سے قائم کردہ ریڈیمیڈ کپڑوں کے بیوپاریوں کے ڈبے یہاں سے منتقل کردینے کی محکمہ R&B اور مجلس بلدیہ نے بیوپاریوں کو ہدایت دی اور گذشتہ ایک ماہ سے ان بیوپاریوں کو اپنی دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سرکل آفس کی دیوار سے متصل سڑک پر ریڈی میڈ کپڑوں کا بیوپار کرنے والے صد فیصد کاروبار افراد کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے جبکہ اسی سڑک پر صرف ایک سومیٹر کے فاصلے پر بعض سکھ طبقہ کے اراد قابض ہے جنہیں ہٹانے کیلئے مجلس بلدیہ نے پولیس کی مدد لی لیکن انہیں وہاں سے منتقل کرنے میں آر اینڈ بی اور پولیس ناکام رہی ۔ ریڈیمیڈ کپڑوں کے بیوپاریوں کی موثر قیادت کرنے والا کوئی نہیں ہے جس کے باعث ان بیوپاریوں کو اپنے دس سالہ قدیم قبضوں کو چھوڑ دینا پڑا ۔ ان بیوپاریوں کے آنسو پہنچنے مجلس بلدیہ نے ہفتہ واری بازار کی جگہ ریڈیمیڈ کپڑوں کیڈبوں کو منتقل کردیا جبکہ اس جگہ پر ہر اتوار کو چاول ‘ دال وغیرہ کی دکانیں لگائی جاتی ہے ۔ خوردنوش اشیاء کے کاروبار کرنے والوں میں 90فیصد افراد کا تعلق بھی مسلم طبقہ سے ہے ۔ مقامی انتظامیہ کے غلط فیصلے کے سبب چاول کے بیوپاریاں اور کپڑے کے بیوپاریوں کے درمیان نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ۔