کوٹگیر۔/26مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنگل سے غیر قانونی طور پر چوبینہ منتقل کرنے والے لکڑی کے عادی اسمگلرس نے ایک فارسٹ آفیسر اور عملے پر اچانک حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ زخمی عہدیداروں کی شکایت پر بیرکور منڈل پولیس نے حملہ آوروں کی سہ رکنی ٹولی کو ان کے ٹھکانے سنگم تانڈہ سے گرفتار کرکے منصف مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔ اے ایس آئی جناب عبدالمجید خان کے بموجب آج صبح کے اوقات میں فارسٹ سیکشن آفیسر سرینواس، گوپی اور ایک عہدیدار موضع ڈورکی کے قریب بعض افراد کی جانب سے بیل بنڈی میں ساگوان کی لکڑی جنگل سے کاٹ کر منتقل کرنے کے دوران بنڈی کو روک کر مقدمہ درج کیا۔
اس دوران بنڈی کے ساتھ موجود رندھیا، بھاسکر، رامو نے اچاک بیٹ آفیسرس پر حملہ کرکے شدید زخمی کرکے بنڈی کے ساتھ فرار ہوگئے۔ فارسٹ آفیسرس نے کسی نہ کسی طرح بیرکور پولیس اسٹیشن پہنچ کر حملہ آوروں کے خلاف شکایت درج کروائی۔ پولیس نے زخمی فارسٹ آفیسرس کو دواخانہ پہنچاکر ان کی نشاندہی پر مذکورہ لکڑی کے عادی اسمگلرس کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالت میں پیش کیا۔