بودھن۔/28جنوری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ برقی کو واجب الادا برقی بل ایک کروڑ 18لاکھ کی عدم ادائیگی پر برقی محکمہ نے دفتر بلدیہ کی برقی سربراہی مسدود کردی ۔ دو دن قبل محکمہ برقی سے اسٹریٹ لائٹس کی برقی منقطع کردی تھی اور اب دفتر بلدیہ کی برقی سربراہی روک دی اور برقی محکمہ کے عہدیداروں نے کمشنر بلدیہ کو انتباہ دیا کہ برقی بقایا جات کی فوری ادائیگی نہ کی گئی تو پھر واٹر ورکس کی برقی بھی کٹ کردی جائے گی۔ تفصیلات کے بموجب گزشتہ دیڑھ سال سے محکمہ مجلس بلدیہ برقی بلس کی باقاعدہ عدم ادائیگی کے باعث بقایا جات کی رقم میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا۔ برقی عہدیداروں کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالنے پر وقتیہ طور پر پانچ یا دس لاکھ روپئے بطور قسط رقم ادا کی جاتی رہی۔ محکمہ سے برقی کو تاحال سنٹرل لائٹنگ کے 32لاکھ واٹر ورکس کے 72 لاکھ اور شہر میں موجود واٹر ٹینکس و دفتر بلدیہ کے جملہ اس طرح محکمہ ٹرانسکو کو ایک کروڑ 18لاکھ روپئے برقی بلس ادا شدنی ہے۔