کروڑہا روپئے ہڑپنے کا شاخسانہ ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /2 مئی (سیاست نیوز) محکمہ انکم ٹیکس میںملازمتیں فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے ہڑپنے والے ایک دھوکے بازو کو ٹاسک فور س پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 29 سالہ جی ستیش کمار ساکن اپو گوڑہ ایس ایس سی کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس نے ملبوسات کے شوروم اور پپو بریڈ کمپنی میں ملازمت کی لیکن مناسب آمدنی نہ ہونے پر اس نے ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے پاس ملازمت حاصل کی ۔ اس ملازمت کے دوران وہ اکثر محکمہ انکم ٹیکس کے پیان کارڈ سیکشن جایا کرتا تھا اور اس نے محکمہ سے واقفیت حاصل کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ ستیش کمار نے بے روزگار نوجوانوں کو محکمہ انکم ٹیکس کی کئی جائیدادوں میں تقرر کرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے رقومات ہڑپ لئے ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ستیش کمار نے فی امیدوار ایک لاکھ تا دو لاکھ روپئے حاصل کیا کرتا تھا اور اسی طرح اس نے ایک کروڑ سے زیادہ رقم حاصل کرلی ۔ ستیش کمار کے خلاف شہر حیدرآباد کے علاوہ سائبر آباد اور رچہ کونڈا میں بھی دھوکہ دہی میں ملوث ہوا ہے ۔ پولیس نے اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔