برسبین۔24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کسی تیاری کے بغیر ورلڈ کپ کھیلنے آئی ہے اور جب تک وہ دفاعی خول سے باہر نہیں نکلے گی اس کا جیتنا مشکل ہے۔عاقب جاوید نے جو اس وقت یو اے ای کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں‘ برسبین کے وولن گابا اسٹیڈیم میں میڈیا سے اظہار خیالکرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کی تیاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ محنت کسی پر کی گئی کھلا کسی اورکھلاڑی کو ہیں۔انھوں نے کہا کہ عرفان‘ سہیل خان اور وہاب ریاض ورلڈ کپ میں کھیل رہے ہیں جب انہیں ورلڈ کپ کھیلنا تھا تو گذشتہ چند ونڈے سیریز جو پاکستانی ٹیم نے کھیلی ہیں ان میں یہ بولرز کہاں تھے؟ عاقب جاوید نے جو 1992 کا عالمی کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں شامل تھے کہا کہ اگر دنیا کی کسی دوسری ٹیم میں سرفراز احمد ہوتے تو وہ انہیں خارج کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ کیونکہ وکٹ کیپر نے حالیہ دنوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے وکٹ کیپر بیٹسمین کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا تھا لیکن ان کا اعتماد بری طرح متزلزل کردیا گیا ہے۔اگر یونس خان سے رنز نہیں بن رہے ہیں تو انھیں ٹیم سے خارج کرنے میں کیا قباحت ہے۔ اس ورلڈ کپ میں لگ رہا ہے کہ کوئی ایک شخص ٹیم کی کارکردگی کی ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں ہے اور ایک دوسرے کے سر پر یہ ذمہ داری ڈالی جارہی ہے۔یہ تاثر مل رہا ہے کہ کبھی مصباح الحق اور کبھی وقاریونس ٹیم کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔