نئی دہلی۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین ویراٹ کوہلی نے اپنی کامیابی کی کلید بتاتے ہوئے کہا کہ محنت سے سب کچھ ممکن ہے۔ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے اتوارکو ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 سے جیت درج کی تھی۔ ہندوستانی کپتان نے ٹوئٹرپراپنی دوتصاویرشائع کرتے ہوئے لکھا کہ یکسوئی اور محنت سے کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، محنت کرتے رہئے۔ ہندوستانی کپتان کو ان کی فٹنس کے لئے جانا جاتا ہے اور انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی کامیابی کا ’’راز‘‘ ظاہر کرتے ہوئے دو تصاویر شائع کی ہیں جس میں ایک انڈر ۔19 ٹیم کے وقت کی ہے اوراس میں وہ کافی نوجوان لگ رہے ہیں جبکہ دوسری موجودہ تصویر ہے۔ کوہلی کی قیادت میں ہندستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز کے دو میچوں کو6 دن میں ہی ختم کر کے کلین سوئپ کر لی۔ کوہلی اور ان کے ساتھی اب ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز میں اترے گی جبکہ ان کی اصل آزمائش آسٹریلیا کا دورہ ہے۔ واضح رہے کہ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے مقابلے کی پہلی اننگزمیں45 رنز اسکور کرکے بطور کپتان زیادہ ٹسٹ رنز ا سکور کرنے کا کسی بھی ایشیائی بیٹسمین کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ کوہلی سے قبل یہ ریکارڈ سابق پاکستانی کپتان مصباح الحق کے پاس تھا، جنہوں نے 56 ٹسٹ میچوں میں51.39کی اوسط سے4212 رنز اسکور کئے تھے۔ جبکہ کوہلی اب تک بطور کپتان 42 ٹسٹ میچوں میں 65.12 کی اوسط سے4233 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ کوہلی نے اب تک اپنی 24 میں سے17سنچریاں بطورکپتان اسکور کی ہیں اور بطور کپتان زیادہ ٹسٹ رنز اسکو رکرنے والوں کی فہرست میں بھی آٹھویںمقام پر قبضہ کرلیاہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ رنز جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گرائم ا سمتھ نے اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے109میچوں میں74.83کی اوسط سے8659 رنز بنائے۔دوسرا نمبرسابق آسٹریلیائی کپتان ایلن بارڈر کا ہے، جنہوں نے 93 میچوں میں 50.94 کی اوسط سے6623 رنز بنائے ایک اور سابق کپتان رکی پونٹنگ نے77میچوں میں51.51 کی اوسط سے6542 رنز اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے74میچوں میں 51.30کی اوسط سے5230 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ نے 80 میچوں میں40.59 کی اوسط سے5156رن اسکور کئے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ایلسٹر کک نے بطور کپتان 46.57 کی اوسط سے4844 رن اسکور کئے۔ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے بطور کپتان47 میچوں میں 57.83 کی اوسط سے4685 رنز بنائے۔ سابق آسٹریلیائی کپتان گریگ چیپل نے48 میچوں میں 55.38 کی اوسط سے 4209 رنز ا سکورکئے ۔